اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹیکس پیئرز سروسز ونگ نے ممبر تہمینہ عامر کی نگرانی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لئے ایک جامع ٹیکس آگاہی سیشن منعقد کیا جس میں ملک بھر سے ویمن چیمبرز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اس سیشن …
ایف بی آر کا اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لئے ٹیکس آگاہی آؤٹ ریچ سیشن کا انعقاد
اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال کی ہدایات پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ٹیکس پیئرز سروسز ونگ نے ممبر تہمینہ عامر کی نگرانی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لئے ایک جامع ٹیکس آگاہی سیشن منعقد کیا جس میں ملک بھر سے ویمن چیمبرز کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔اس سیشن کا مقصد ٹیکس کی ادائیگی، رضاکارانہ کمپلائنس اور ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنے کے لئے ایف بی آر کی جانب سے بالخصوص کاروبار کرنے والی خواتین اور کاروبار کے مالکان کے لئے متعارف کرائی گئی حالیہ اصلاحات کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا تھا۔
ایف بی آر کے وفد میں سیکرٹری ٹیکس ایجوکیشن اینڈ فیسلیٹیشن محمد مطیع الرحمٰن ممتاز ،سیکنڈ سیکرٹری ٹیکس فیسلیٹیشن عبد الرحمن اور ٹیکس پیئرز سروسز ونگ کے اہلکار شامل تھے۔ تقریب میں بانی و صدر آئی ڈبلیو سی سی آئی ثمینہ فاضل ، نائب صدر آئی ڈبلیو سی سی آئی قرۃ العین ، بانی سرگودھا ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شمیم آفتاب نے بذریعہ زوم شرکت کی جبکہ پشاور اور ملاکنڈ کے ویمن چیمبرز کے ایگزیکٹو ممبران اور مختلف شہروں سے کاروباری برادری کے نمائندگان بھی شریک ہوئے ۔اپنے تعارفی کلمات میں قرۃ العین نے ایف بی آر کی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور قومی ترقی کے لئے ٹیکس وصولی کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کاروبار کرنے والی خواتین کو درپیش مسائل کو اجاگر کیا اور خواتین کاروباری برادری کو ٹیکس سے متعلق درپیش مشکلات کے حل کے لئے تعمیری تجاویز پیش کیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد مطیع الرحمٰن ممتاز نے ایف بی آر کی ذمہ داریوں اور جاری اصلاحاتی ایجنڈے کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے ٹیکس آگاہی اور ٹیکس دہندگان کی سہولت سے متعلق تفصیلی پریذنٹیشن دی جس میں پوائنٹ آف سیل انٹگریشن ، ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم، ڈیجیٹل انوائسنگ، فیس لیس کسٹمز سسٹم ، کارگو ٹریکنگ سسٹم ، ڈائریکٹ پورٹ ڈیلیوری سسٹم، ریوارڈ اینڈ ریٹنگ سسٹم اور پیداوار کی نگرانی کے لئے ویڈیو اینالیٹکس جیسے اہم اقدامات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ ویڈیو اینالیٹکس پہلے ہی شوگر اور سیمنٹ کے شعبوں میں نافذ کیا جا چکا ہے اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں مرحلہ وار نافذ کیا جا رہا ہے۔پریذنٹیشن میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ان اصلاحات کے باعث شفافیت میں نمایاں بہتری آئی ہے، ٹیکس دہندگان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے ٹیکس نیٹ میں وسعت آئی ہے اور ایف بی آر کا تشخص ایک شفاف، سہولتیں کنندہ اور عوام دوست ادارے کے طور پر مزید مستحکم ہوا ہے۔
شرکاء نے اس پریذنٹیشن میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور ٹیکس سے متعلق مختلف سوالات اٹھائے جن کے جوابات ایف بی آر کی ٹیم نے تسلی بخش انداز میں دیئے۔ حاضرین نے رضاکارانہ کمپلائنس کے فروغ اور مثبت ٹیکس کلچر کے قیام کے لئے ایف بی آر کے اقدامات کو سراہا۔سیشن کا اختتام ایک سوال و جواب کے مرحلے کے ساتھ ہوا ،جس کے بعد شرکاء میں سووینیئر تقسیم کئے گئے۔









