لاہور۔30جنوری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں متحدہ عرب امارات کی قیادت تجربہ کار اوپنر محمد وسیم کریں گے جس کیلئے15 رکنی یو اے ای اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جو 30 جنوری کو دبئی سے ٹورنامنٹ کے لیے بھارت روانہ ہوگا۔ یو اے ای ٹیم اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز یکم فروری کو کرے گی۔20 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ …
یو اے ای نے ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کر دیا، سابق پاکستانی فاسٹ بولر یاسر عرفات فاسٹ بائولنگ کوچ مقرر
لاہور۔30جنوری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں متحدہ عرب امارات کی قیادت تجربہ کار اوپنر محمد وسیم کریں گے جس کیلئے15 رکنی یو اے ای اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے جو 30 جنوری کو دبئی سے ٹورنامنٹ کے لیے بھارت روانہ ہوگا۔ یو اے ای ٹیم اپنے ورلڈ کپ سفر کا آغاز یکم فروری کو کرے گی۔20 ٹیموں پر مشتمل اس ایونٹ میں یو اے ای کو گروپ ڈی میں رکھا گیا ہے جہاں اسے افغانستان، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ جیسے مضبوط حریفوں کا سامنا ہوگا۔ یو اے ای ٹیم چنئی میں دو وارم اپ میچز کھیلے گی، جن میں 3 فروری کو نیپال جبکہ 6 فروری کو اٹلی کے خلاف مقابلہ شامل ہے۔ ٹورنامنٹ میں یو اے ای کا پہلا میچ 10 فروری کو چنئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوگا جس کے بعد ٹیم دہلی روانہ ہو گی جہاں گروپ کے باقی تین میچز کھیلے جائیں گے۔یو اے ای 13 فروری کو کینیڈا، 16 فروری کو افغانستان اور 18 فروری کو جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا سپر ایٹ مرحلہ 21 فروری سے شروع ہوگا۔
اسکواڈ میں تین ایسے کھلاڑی شامل ہیں جو 2022 میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی یو اے ای کی نمائندگی کر چکے ہیں، جن میں کپتان محمد وسیم کے علاوہ علی شان شرفو اور جنید صدیق شامل ہیں۔ محمد وسیم گزشتہ تین برس سے یو اے ای ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور اپنے 92 میچز کے کیریئر میں 66 میچز میں بطور کپتان فرائض انجام دے چکے ہیں۔یو اے ای ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں سابق پاکستانی فاسٹ بولر یاسر عرفات کو فاسٹ بائولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ یاسر عرفات پاکستان کے لیے 27 بین الاقوامی میچز کھیل چکے اور ریٹائرمنٹ کے بعد مختلف قومی ٹیموں اور عالمی فرنچائزز کے ساتھ کوچنگ کے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ وہ ورلڈ کپ کے دوران اور اس سے قبل آئرلینڈ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں بھی ٹیم کے ساتھ کام کریں گے، جس کا دوسرا میچ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
فیلڈنگ کوچ کے طور پر زمبابوے کے سابق ہائی پرفارمنس کوچ اور نیشنل ٹیکنیکل اسٹاف کے رکن رہنے والے اسٹینلے چیوزا ٹیم کا حصہ ہوں گے۔یو اے ای اسکواڈ میں محمد وسیم (کپتان)، علی شان شرفو، آریانش شرما (وکٹ کیپر)، دھرو پراشر، حیدر علی، ہرشیت کوشک، جنید صدیق، مایانک کمار، محمد عرفان، محمد فاروق، محمد جواد اللہ، محمد زوہیب، روہد خان، صہیب خان اور سمرنجیت سنگھ شامل ہیں۔سپورٹ اسٹاف میں ٹیم منیجر امجد ایزی، ہیڈ کوچ لال چند راجپوت، فاسٹ بولنگ کوچ یاسر عرفات، فیلڈنگ کوچ اسٹینلے چیوزا، اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ اظہرالدین قریشی، ٹیم ڈاکٹر ،ڈاکٹر ابھیجیت سالوی، ویڈیو اینالسٹ منی پریت سدھو، میڈیا منیجر عماد حمید اور فزیوتھراپسٹ منیش پردیشی شامل ہیں۔









