انٹروسٹی والی بال چیمپین شپ بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے جیت لی

ملتان۔ 30 جنوری (اے پی پی):محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے باہمی تعاون سے منعقدہ انٹروسٹی والی بال چیمپین شپ زون جے 2025-26 کے دوسرے روز سنسنی خیز فائنل میچ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی،جبکہ این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس چیمپین …

ملتان۔ 30 جنوری (اے پی پی):محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے باہمی تعاون سے منعقدہ انٹروسٹی والی بال چیمپین شپ زون جے 2025-26 کے دوسرے روز سنسنی خیز فائنل میچ میں بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کر لی،جبکہ این ایف سی انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

اس چیمپین شپ میں جنوبی پنجاب کی پانچ جامعات نے شرکت کی۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے زرعی یونیورسٹی ملتان کو اس اہم اسپورٹس ایونٹ کی میزبانی کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل ٹیم ورک، نظم و ضبط اور کامیابی کے جذبے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور طلبہ کو ایسے صحت مند اور مثبت سرگرمیوں پر مبنی ایونٹس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل انسان میں قوتِ برداشت، ضبطِ نفس، باہمی اتفاق اور اطاعت جیسے اوصاف پیدا کرتے ہیں جو عملی زندگی میں بھی کامیابی کی ضمانت بنتے ہیں۔اس موقع پر ڈائریکٹر اسپورٹس محمد ارقم اقبال نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی آئندہ بھی طلبہ کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کے لیے مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گی۔چیمپین شپ کا اختتام یونیورسٹی کمیونٹی میں کھیلوں کے فروغ، صحت مند ماحول کے قیام اور مثبت سرگرمیوں کے تسلسل کے عزم کے ساتھ ہوا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق، محمد رفیق فاروقی، ڈاکٹر شمس مرتضیٰ، ڈاکٹر شبیر احمد، ڈاکٹر رب نواز کوثر سمیت دیگر فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔