لاہور۔1فروری (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے اہم دورے کے لیے اپنی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔اس سلسلہ میں قومی ویمن ٹیم کا مختصر مگر موثر تربیتی کیمپ کل بروز پیر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہو رہا ہے، جو6 فروری تک جاری رہے گا۔ تمام منتخب کھلاڑیوں کو اتوار کی شام تک کیمپ رپورٹ کرنے کی ہدایت …
پاک جنوبی افریقہ ویمن کرکٹ ٹیموں کے مابین سیریز 10 فروری سے شروع ہوگی

مزید خبریں
لاہور۔1فروری (اے پی پی):پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے اہم دورے کے لیے اپنی تیاریوں کا باضابطہ آغاز کردیا ہے۔اس سلسلہ میں قومی ویمن ٹیم کا مختصر مگر موثر تربیتی کیمپ کل بروز پیر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں شروع ہو رہا ہے، جو6 فروری تک جاری رہے گا۔
تمام منتخب کھلاڑیوں کو اتوار کی شام تک کیمپ رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔پانچ برس کے وقفے کے بعد پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو طرفہ سیریز 10 فروری سے شروع ہوگی، جس میں قومی ویمن ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹس میں حصہ لے گی۔ اس سیریز میں باصلاحیت آل رائونڈر فاطمہ ثناء ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں اسکواڈز کی قیادت کریں گی۔ سیریز کا بنیادی مقصد آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاری ہے۔
تربیتی کیمپ کے دوران کھلاڑیوں کو مینٹور اور ہیڈ کوچ وہاب ریاض کی زیر نگرانی حتمی تیاری کروائی جائے گی۔ کوچنگ اسٹاف میں عمران فرحت، عبد الرحمن، عبدالمجید سمیت دیگر کوچز شامل ہیں،جو بیٹنگ، بولنگ، فیلڈنگ اور فزیکل فٹنس پر خصوصی توجہ دیں گے تاکہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہو کر جنوبی افریقہ روانہ ہو۔پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اسکواڈ میںفاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، حمنا بلال، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، سدرہ امین، تسمیہ رباب اور طوبی حسن شامل ہیں۔
اسی طرح پاکستان ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ میںفاطمہ ثناء (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب شامل ہوں گی۔جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جو پوچف اسٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے۔
ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ ہوگا جبکہ تین ون ڈے میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں کھیلے جائیں گے، جن میں سے ایک میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان ویمنز ٹیم 2021 کے بعد پہلی بار دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا دورہ کر رہی ہے جو ٹیم کے لیے قیمتی بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے اور ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے۔








