پوٹھوہار ریجن میں 7 ارب روپے کا زرعی منصوبہ، پوٹھوہار میں ادرک کی کاشت کے سبسڈی الاٹمنٹ لیٹر تقسیم

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پوٹھوہار ریجن کے لیے 7 ارب روپے کے زرعی منصوبے کے تحت شروع کیے گئے ادرک کی کاشت کے فروغ کے پروگرام کے تحت سبسڈی کی فراہمی کے لیے منتخب کسانوں میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کر دیئے۔ یہ الاٹمنٹ لیٹر یہاں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تقسیم کیے گئے جس …

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ پنجاب ڈاکٹر ساجد الرحمان نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پوٹھوہار ریجن کے لیے 7 ارب روپے کے زرعی منصوبے کے تحت شروع کیے گئے ادرک کی کاشت کے فروغ کے پروگرام کے تحت سبسڈی کی فراہمی کے لیے منتخب کسانوں میں الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کر دیئے۔

یہ الاٹمنٹ لیٹر یہاں منعقدہ ایک تقریب کے دوران تقسیم کیے گئے جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ ڈاکٹر عبید الرحمان، ریجنل منیجر/ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ محمد عرفان مان، اسسٹنٹ ریجنل پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ عائشہ اختر، پرنسپل و ڈائریکٹر ویجیٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد ڈاکٹر محمد اقبال اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

سنٹر آف ایکسی لینس فار اولیو ریسرچ اینڈ ٹریننگ چکوال ڈاکٹر رمضان انصار کے علاوہ کسانوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ ایگریکلچر ریسرچ پنجاب کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ساجد الرحمان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے زراعت کو جدید بنانے اور کسانوں کی آمدنی بڑھانے اور خاص طور پر خطہ پوٹھوہار کے لیے 7 ارب روپے کا ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ادرک کی کاشت کو ایک اعلیٰ قیمتی نقد آور فصل کے طور پر فروغ دینے کے لیے ایک وقف پروگرام شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادرک کی کاشت کے پروگرام کے تحت 100 ایکڑ رقبے پر ادرک کی کاشت کو فروغ دینے کے لیے تین سال کے لئےسبسڈی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے مرحلے میں 10 منتخب کسانوں کو یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور پروگرام کے تحت 3.29 ملین روپے فی ایکڑ سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی جی نے کہا کہ سبسڈی پیکیج میں ادرک کے معیاری بیج، ٹنل سٹرکچر، شیڈ نیٹ اور ڈرپ ایریگیشن سسٹم پر 100 فیصد سبسڈی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادرک روایتی فصلوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ منافع دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر سال ادرک کی درآمد پر بہت زیادہ رقم خرچ کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام سے پوٹھوہار کے علاقے میں درآمدات کو کم کرنے اور کسانوں کی زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ویجیٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ ادارہ کسانوں کو ادرک کی کاشت کی جدید تکنیک کے بارے میں عملی تربیت فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت منتخب کسانوں کو کامیاب اور پائیدار پیداوار کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی تکنیکی تربیت دی جائے گی۔

پرنسل سائینٹسٹ ویجیٹیبل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ فیصل آباد عامر لطیف نے کہا کہ خطہ پوٹھوہار کے موسمی حالات ادرک کی کاشت کے لیے انتہائی موزوں ہیں ۔ انہوں نے مقامی کاشتکاروں پر زور دیا کہ اس فصل کو اپنی مضبوط معاشی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنائیں۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹر ساجد الرحمن نے ادرک کی کاشت کے سبسڈی پروگرام کے تحت منتخب کسانوں میں باضابطہ طور پر الاٹمنٹ لیٹر بھی تقسیم کئے۔