الیکٹریکل وہیکلز مستقبل کی ضرورت ہیں، پاکستان سمیت پوری دنیا اس ٹیکنالوجی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے،چیئرمین ٹیوٹا

لاہور۔2فروری (اے پی پی):چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے کہا ہے کہ الیکٹریکل وہیکلز مستقبل کی ضرورت ہیں، پاکستان سمیت پوری دنیا اس ٹیکنالوجی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے، آنے والا دور الیکٹریکل وہیکلز کا ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں کو اس تبدیلی کے لیے ابھی سے تیار کرنا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پنجاب میں فنی و پیشہ …

لاہور۔2فروری (اے پی پی):چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے کہا ہے کہ الیکٹریکل وہیکلز مستقبل کی ضرورت ہیں، پاکستان سمیت پوری دنیا اس ٹیکنالوجی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے، آنے والا دور الیکٹریکل وہیکلز کا ہے اور ہمیں اپنے نوجوانوں کو اس تبدیلی کے لیے ابھی سے تیار کرنا ہوگا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پیر کو یہاں مقامی ہوٹل میں پنجاب میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ اور مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ افرادی قوت تیار کرنے کے لیے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیرِ اہتمام الیکٹریکل وہیکلز سے متعلق آگاہی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ورکشاپ کا مقصد ٹیوٹاسیکٹر میں الیکٹریکل وہیکلز کی بڑھتی ہوئی اہمیت، جدید رجحانات اور مستقبل کے مواقع سے متعلق اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کرنا تھا، جس میں چیئرمین ٹیوٹا محمد ساجد کھوکھر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ اتھارٹی سارہ رشید، سینئر ڈی جی ٹیوٹا اختر عباس بھروانہ، ٹیوٹا، پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل اور تانگ چائنا کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔

ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ٹیوٹا نے کہا کہ صوبے میں الیکٹریکل وہیکلز کے کورسز کے لیے سنٹر آف ایکسی لینس قائم کرنے جا رہا ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیوٹا، صنعت اور عالمی اداروں کے اشتراک سے ایسا نظام تشکیل دے رہا ہے جس کے ذریعے طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر سکھایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس تربیت یافتہ افرادی قوت کو نہ صرف پاکستان میں بلکہ یورپ سمیت دیگر ممالک میں بھی برآمد کیا جا سکے گا جو ملک کے لیے زرمبادلہ کا اہم ذریعہ بنے گی۔ ورکشاپ کے اختتام پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سرکاری و نجی اداروں کے باہمی تعاون سے ٹیوٹا سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہنر فراہم کیے جا سکیں اور پاکستان کو الیکٹریکل وہیکلز کے میدان میں خود کفیل بنایا جا سکے۔