صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی سمپوزیم میں شرکت

لاہور۔2فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں شریف انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ رینل ٹرانسپلانٹ سمپوزیم2026 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سمپوزیم میں چیف ایگزیکٹو شریف میڈیکل سٹی ڈاکٹر عدنان خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی و صدر سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ڈاکٹر عباس غضنفرسمیت ڈاکٹرز نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ اس موقع پر …

لاہور۔2فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے شریف میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں شریف انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ رینل ٹرانسپلانٹ سمپوزیم2026 میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سمپوزیم میں چیف ایگزیکٹو شریف میڈیکل سٹی ڈاکٹر عدنان خان، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی و صدر سی پی ایس پی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، ڈاکٹر عباس غضنفرسمیت ڈاکٹرز نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔

اس موقع پر پروفیسر رفیق ذکی نے سمپوزیم کے اغراض و مقاصد اور ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر صحت نے اپنے خطاب میں کہاکہ اس سمپوزیم میں شرکت میرے لئے باعث مسرت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں دائمی گردوں کی بیماری تیزی سے بڑھتا ہوا صحت کا مسئلہ ہے، بہت سے مریض برسوں تک اس بیماری میں مبتلا رہتے ہیں اور ڈائیلسز پر انحصار کرتے ہیں، جو کہ نہ صرف مہنگا بلکہ خاندانوں کے لئے انتہائی مشکل عمل بھی ہوتا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ گردوں کی پیوندکاری نہ صرف مریضوں کی زندگی بچانے میں مدد دیتی ہے بلکہ انہیں بہتر معیارِ زندگی بھی فراہم کرتی ہے، اس نوعیت کے سیمینارز اور سمپوزیمز اس شعبے میں علم، مہارت اور مریضوں کی نگہداشت کو بہتر بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے مفت گردہ پیوندکاری پروگرام قابل ذکر ہے جو ایک تاریخی اور انقلابی اقدام ہے،اس پروگرام کے تحت مستحق مریضوں کو مفت گردہ پیوندکاری، ادویات اور ایک سال تک بعد از پیوندکاری فالو اپ سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صوبائی وزیرصحت نے شریف میڈیکل سٹی ہسپتال اور ایس آئی یو آر ٹی کی کاوشوں کو سراہا جن کے تعاون سے اب تک 3 ہزار سے زائد گردہ پیوندکاریاں انجام دی جا چکی ہیں۔ حکومت اداروں اور طبی ماہرین کی مکمل معاونت جاری رکھے گی جو طبی معیار، جدت اور اخلاقی صحت کے نظام کو فروغ دے رہے ہیں۔

وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ انسان کو زندگی ایک ہی بار ملتی ہے جس میں روپیہ پیسہ ساتھ نہیں جانا،انسان کے ساتھ صرف انسانی خدمت اور فلاحی کاموں نے جانا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل نے کہاکہ شریف میڈیکل سٹی ایک عظیم خدمت کی عملی مثال ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر عامر زمان خان نے کہاکہ پی ہوٹا سات مختلف اقسام کے ٹرانسپلانٹس کو ڈیل کر رہی ہے۔