اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):قازقستان کے وزیرِ سائنس و اعلیٰ تعلیم سیاسات نوربیک نے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں دونوں رہنماؤں نے جامعہ میں قائم الفارابی سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قازق وزیر سیاسات نوربیک نے کہا کہ ماضی میں اسلامی تہذیب و تمدن کا ایک سنہرا دور رہا ہے …
قازق وزیرِ سائنس و اعلیٰ تعلیم کا خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی کا دورہ، الفارابی سینٹر کا افتتاح

مزید خبریں
اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):قازقستان کے وزیرِ سائنس و اعلیٰ تعلیم سیاسات نوربیک نے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں دونوں رہنماؤں نے جامعہ میں قائم الفارابی سینٹر کا افتتاح کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قازق وزیر سیاسات نوربیک نے کہا کہ ماضی میں اسلامی تہذیب و تمدن کا ایک سنہرا دور رہا ہے جس میں علم، تحقیق اور فلسفے کو غیرمعمولی فروغ حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کے لئے بھی عظیم مسلم فلسفی الفارابی کی خدمات نہایت اہم رہیں جنہیں ارسطو کے بعد ’’دوسرا استاد‘‘ کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قازقستان میں زراعت کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور اس میدان میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت خالد مقبول صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا اس وقت ایک نہایت نازک اور فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہی ہےجہاں علم، تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان اور قازقستان کے مابین تعلیمی اور سائنسی تعاون کے حوالے سے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک دوطرفہ تعلقات میں مزید پیشرفت کے لئے نئے مواقع تلاش کریں گے بالخصوص اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور اختراعات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر قائداعظم یونیورسٹی کی جانب سے دونوں معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر جامعہ کے سینئر اساتذہ، طلبہ اور حکام کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔







