اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):ایوان بالا کے اجلاس میں پیر کے روز بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی جسے تمام سیاسی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہوئی۔ ایوان نے دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین …
سینیٹ میں بلوچستان میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت، متفقہ قرارداد منظور

مزید خبریں
اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):ایوان بالا کے اجلاس میں پیر کے روز بلوچستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متفقہ طور پر قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے ایوان میں پیش کی جسے تمام سیاسی جماعتوں کی مکمل تائید حاصل ہوئی۔
ایوان نے دہشت گرد حملوں میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ سینیٹ نے ملک کے دفاع اور شہریوں کے تحفظ کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکاروں کی جرات، بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
قرارداد میں بلوچستان میں امن، ترقی اور سیاسی شمولیت کے لیے سینیٹ کے پختہ عزم کی تجدید کی گئی اور اس امر پر زور دیا گیا کہ پائیدار امن سماجی و معاشی ترقی، بہتر طرز حکمرانی اور آئینی حقوق کے احترام کے بغیر ممکن نہیں۔ایوان نے واضح کیا کہ دہشت گردی کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور یہ کہ ریاست کی وحدت اور عوام کی قوت ارادی تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کی تمام سازشوں کو ناکام بنائے گی۔
ایوان نےمطالبہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر، ان کے سہولت کاروں اور مقامی و بین الاقوامی سرپرستوں کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔قرارداد میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ بالخصوص بلوچستان میں انٹیلی جنس کے باہمی اشتراک، سرحدی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے نظام کو مزید مضبوط اور موثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو۔







