صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسیوں پر نظرثانی وقت کی اہم ضرورت ہے،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو کاروباری طبقے کو مؤثر مراعات دینا ہوں گی تاکہ خیبرپختونخوا کے تاجر پنجاب کے بجائے اپنے ہی صوبے میں سرمایہ کاری کی جانب راغب ہوں،صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسیوں پر نظرثانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوپشاور کے معروف کاروباری برانڈ ایچ …

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کو کاروباری طبقے کو مؤثر مراعات دینا ہوں گی تاکہ خیبرپختونخوا کے تاجر پنجاب کے بجائے اپنے ہی صوبے میں سرمایہ کاری کی جانب راغب ہوں،صوبے میں صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پالیسیوں پر نظرثانی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوپشاور کے معروف کاروباری برانڈ ایچ بی کے ہائیپر مارکیٹ کی اسلام آباد میں افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ افتتاحی تقریب میں آمد پر معروف کاروباری شخصیات ایچ بی کے گروپ کے چیئرمین امداد خان آفریدی ، سی ای او ڈاکٹر محب اللہ آفریدی، ڈائریکٹر عامر خان آفریدی ، ریوائیو پاکستان کے چیئرمین عمران علی اور دیگر نے گورنر فیصل کریم کنڈی کا پرتپاک استقبال کیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور کی کاروباری شخصیات کی جانب سے اسلام آباد میں اس نوعیت کی سرمایہ کاری انتہائی خوش آئند ہے اور یہ خیبرپختونخوا کا روشن اور مثبت چہرہ اجاگر کر رہی ہے تاہم انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ رشکئی انڈسٹریل زون کے مقابلے میں پنجاب میں سرمایہ کاروں کو زیادہ مراعات دی جا رہی ہیں، جس کے باعث خیبرپختونخوا کے سرمایہ کار دوسرے صوبوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو اپنی صنعتی اورتجارتی پالیسیوں پر سنجیدگی سے نظرثانی کرنی چاہیے تاکہ ایچ بی کے جیسے ادارے اور دیگر سرمایہ کارخیبرپختونخوا میں ہی سرمایہ کاری کو ترجیح دیں۔

گورنر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کاروباری طبقہ عوام کی قوتِ خرید اور موجودہ مشکل معاشی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حکمتِ عملی مرتب کرے۔گورنرخیبرپختونخوا نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ اورخیبرپختونخوا کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایچ بی کے کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کو خوش آئند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ نجی شعبہ اس ضمن میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے، گورنر نے ہائیپر مارکیٹ کے مختلف شعبہ جات کا بھی دورہ کیا۔