قونصل جنرل پاکستان حسین محمد کی پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں ارتھ واریئرز اور پاکستان یوتھ فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں شرکت

دبئی۔2فروری (اے پی پی):قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی ) میں ارتھ واریئرز اور پاکستان یوتھ فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جس میں دستاویزی فلم ’’دی لاسٹ ولیج‘‘ کی سکریننگ کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد پاکستانی نوجوانوں اور اوورسیز کمیونٹی کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مکالمے میں شامل کرنا تھا۔ پیر کو جاری ایک پریس ریلیز کے …

دبئی۔2فروری (اے پی پی):قونصل جنرل پاکستان حسین محمد نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی ) میں ارتھ واریئرز اور پاکستان یوتھ فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں شرکت کی جس میں دستاویزی فلم ’’دی لاسٹ ولیج‘‘ کی سکریننگ کی گئی۔ اس تقریب کا مقصد پاکستانی نوجوانوں اور اوورسیز کمیونٹی کو موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مکالمے میں شامل کرنا تھا۔

پیر کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے ارتھ واریئرز کی بانی ایمان دانش اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور پاکستان یوتھ فورم کی جانب سے نوجوان پاکستانیوں کو ایک عالمی اور قومی اہمیت کے حامل مسئلے پر متحرک کرنے کی تعریف کی۔قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک فیصد سے بھی کم کاربن اخراج میں حصہ ڈالنے کے باوجود موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے پاکستان کی عزم کو اجاگر کیا جن میں کاربن اخراج میں کمی، قابلِ تجدید توانائی کا فروغ اور بڑے پیمانے پر شجرکاری شامل ہے۔انہوں نے عالمی تعاون، موسمیاتی مالی معاونت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ترقی یافتہ ممالک سے اپیل کی کہ وہ ترقی پذیر ممالک کو موسمیاتی اثرات سے نمٹنے میں معاونت فراہم کریں۔قونصل جنرل نے موسمیاتی اقدامات میں نوجوانوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا اور ایک پائیدار اور مضبوط مستقبل کے لئے اجتماعی کوششوں کی حوصلہ افزائی کی۔

انہوں نے کہا کہ ’’دی لاسٹ ولیج‘‘ دستاویزی فلم سوات، پاکستان میں کمزور آبادیوں پر موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات کو مؤثر انداز میں اجاگر کرتی ہے اور یہ واضح کرتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ ایک انسانی اور سماجی و معاشی چیلنج بھی ہے۔