پاکستان اور سعودی عرب ویکسین کے شعبے میں خودکفالت حاصل کر سکتے ہیں، وفاقی وزیر صحت سے سعودی وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزارتِ صحت کے اشتراک سے مملکتِ سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کی معروف فارماسیوٹیکل اور ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے مالکان بھی شریک تھے۔ وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وفد نے پاکستان کی ویکسین سازی کی صلاحیتوں، فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی مجموعی کارکردگی …

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):وفاقی وزارتِ صحت کے اشتراک سے مملکتِ سعودی عرب کے اعلیٰ سطحی وفد نے پاکستان کی معروف فارماسیوٹیکل اور ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے نمائندگان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں کے مالکان بھی شریک تھے۔

وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سعودی وفد نے پاکستان کی ویکسین سازی کی صلاحیتوں، فارماسیوٹیکل انڈسٹری کی مجموعی کارکردگی اور پیداواری معیار کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ وفد نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے صحت کے شعبے میں متعارف کرائے گئے انقلابی اقدامات اور موجودہ سازگار بزنس انوائرمنٹ کی بھی تعریف کی۔اس موقع پر سعودی وفد نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب باہمی تعاون کے ذریعے ویکسین کے شعبے میں خودکفالت حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ صحت کے شعبے میں دونوں ممالک کا اشتراک خطے کے لیے ایک مثال ثابت ہوگا۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ممکن ہوگی اور پاکستان صحت کے شعبے میں خودانحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی ویکسین کی پیداوری صلاحیت حاصل کرنے کے لیے تمام تر عملی اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون سے ویکسین سازی کے شعبے میں پائیدار ترقی کو فروغ ملے گا اور عوام کو معیاری اور سستی صحت سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔

مزید خبریں