اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):ایوان بالا کو بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز کے 104 اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے منگل کے روز سینیٹ کو آگاہ کیا کہ فنڈز کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ لاجز کے 104 اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ وقفۂ سوالات کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹینڈرنگ کا …
پارلیمنٹ لاجز کے 104 اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، طلال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):ایوان بالا کو بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز کے 104 اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے منگل کے روز سینیٹ کو آگاہ کیا کہ فنڈز کی منظوری کے بعد پارلیمنٹ لاجز کے 104 اپارٹمنٹس کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔
وقفۂ سوالات کے دوران مختلف سوالات کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹینڈرنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور توقع ہے کہ یہ کام 30 جون سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ باقی ماندہ لاجز کی تزئین و آرائش کے لیے بھی ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ تمام لاجز میں یکساں معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
ایویکیوی ٹرسٹ پراپرٹی بورڈ (ای ٹی پی بی ) کی زمین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے 23 جنوری 2023 کے اپنے فیصلے میں 2012 میں کی گئی بعض ای ٹی پی بی زمینوں کی منتقلی کو غیر قانونی اور کالعدم قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اس معاملے پر صوبائی حکومت اور بورڈ کے سینئر اراکین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔وزیرِاعظم کی ہدایات پر وزیرِ قانون کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اس معاملے کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی، جس کا مقصد زمین کو متعلقہ اور حق دار محکمے کو واپس دلانا ہے۔
اسلام آباد میں، خصوصاً اہم اور مہنگے علاقوں میں، ای ٹی پی بی املاک کو کم کرائے پر لیز پر دینے سے متعلق سوال کے جواب میں وزیرِ مملکت نے کہا کہ اس نوعیت کی تفصیلی اور جائیداد وار معلومات ایک الگ سوال کے زمرے میں آتی ہیں، جو باضابطہ طور پر پوچھے جانے کی صورت میں فراہم کی جا سکتی ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں طلال چوہدری نے بتایا کہ سابقہ بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ راولپنڈی میں واقع تھا، جبکہ نیا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ علیحدہ طور پر تعمیر کیا گیا اور اسی مناسبت سے اس کا نام رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانا ایئرپورٹ اب بھی مخصوص مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا ہے، جبکہ اس کے بعض حصوں کو یونیورسٹی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔








