وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس، گرانٹس اور امدادی الاٹمنٹس کی منظوری

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کو وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران ای سی سی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پیش کی گئی ایک سمری پر غور کیا جس میں مالی سال 26-2025 کے دوران پنجاب، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، سندھ …

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کو وزارت خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس کے دوران ای سی سی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے پیش کی گئی ایک سمری پر غور کیا جس میں مالی سال 26-2025 کے دوران پنجاب، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری، سندھ اور بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے 455 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کے اجراء کی درخواست کی گئی تھی۔ غور و خوض کے بعد ای سی سی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ اخراجات کی نوعیت اور مطلوبہ رقم کے تحت فنڈز کے مجوزہ استعمال کی مزید واضح تفصیل کے ساتھ سمری دوبارہ پیش کرے۔داخلہ و انسداد منشیات ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی دو علیحدہ سمریز پر ای سی سی نے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس اے پی) پروگرام کے تحت سکیموں کے نفاذ کے لیے 100 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔

کمیٹی نے موجودہ مالی سال کے دوران فرنٹیئر کور بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی سپیئر پارٹس کی خریداری اور معمول کی دیکھ بھال کے لیے منظور شدہ بجٹ کے اندر 8.79 ملین روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی بھی منظوری دی۔ای سی سی نے وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے پیش کردہ ایک تجویز کی بھی منظوری دی جس کے تحت موجودہ سکالرشپ پروگراموں کے تسلسل اور نئے اقدامات کے آغاز بالخصوص سکول سے باہر بچوں کے لیے سکیموں کو یقینی بنانے کے لیے 1 ارب روپے کی ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ای سی سی نے ریونیو ڈویژن کی جانب سے پیش کی گئی ایک تجویز کی منظوری دی جس کے تحت پاکستان کسٹمز کی جانب سے ضبط کی گئی اور بعد ازاں سرکاری ملکیت قرار پانے والی امدادی سامان کی دو کھیپیں جن میں ترپال کے خیمے اور سردیوں کے ملبوسات شامل ہیں، حکومت گلگت بلتستان کو فراہم کی جائیں گی۔ یہ سامان گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ذریعے آفات سے متاثرہ علاقوں میں ہنگامی امدادی کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ا

جلاس میں وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد لغاری (جنہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی) اور وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنز اور ریگولیٹری اداروں کے وفاقی سیکریٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں