حکومت سرطان کی روک تھام کے لئے جامع قومی حکمت عملی کی تیاری پر سرگرم عمل ہے ، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا عالمی یوم سرطان پر پیغام

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینسر کے موذی مرض کے شکار مریضوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرطان کے خلاف جدوجہد صرف ایک طبی چیلنج ہی نہیں بلکہ یہ جنگ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے جو ہمدردی، حوصلے اور اجتماعی کاوشوں کی متقاضی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سرطان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجو (آج)بدھ کو …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کینسر کے موذی مرض کے شکار مریضوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرطان کے خلاف جدوجہد صرف ایک طبی چیلنج ہی نہیں بلکہ یہ جنگ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے جو ہمدردی، حوصلے اور اجتماعی کاوشوں کی متقاضی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم سرطان کے موقع پر اپنے پیغام میں کیاجو (آج)بدھ کو منایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان کینسر کے عالمی دن پر دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر اس موذی مرض سے متاثرہ تمام افراد سے اظہار یکجہتی اور متاثرین پر اس مرض کے بوجھ کو کم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتاہے۔ انہوں نے کہا کہ سرطان کے خلاف جدوجہد صرف ایک طبی چیلنج ہی نہیں بلکہ یہ جنگ ایک مشترکہ قومی ذمہ داری ہے جو ہمدردی، حوصلے اور اجتماعی کاوشوں کی متقاضی ہے، حکومت پاکستان نے پالیسی اصلاحات اور وسیع تر شراکت داریوں کے ذریعے بالخصوص گزشتہ ایک برس میں سرطان کے خلاف قومی ردعمل کو مزید موثر، مربوط اور مضبوط بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری و نجی شعبے کے باہمی تعاون سے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کینسر کے مریضوں کو زندگی بچانے والے علاج کی فراہمی اور علاج میں حائل مالی اور جغرافیائی رکاوٹوں کو کم کرنے میں خاطر خواہ کامیابی ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرطان کی روک تھام کے لئے ایک جامع قومی حکمت عملی کی تیاری پر بھی سرگرم عمل ہے تاکہ اس مرض سے نمٹنے کے لئے اجتماعی قومی صلاحیت کو مستحکم انداز میں بروئے کار لایا جا سکے، اس تناظر میں حکومت قومی اور صوبائی سطح پر جامع اقدامات کو آگے بڑھانے کے لئے پرعزم ہے جن میں خاص طور پر کمزور اور محروم طبقات کی مدد سر فہرست ہے، مجموعی طور پر صحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی اصلاح ، تحقیق اور سائنسی شواہد پر مبنی فیصلوں پر سرمایہ کاری ہماری حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سرطان کے خطرناک اثرات میں کمی کے لئے اس کے پھیلائو میں روک تھام کلیدی حیثیت رکھتا ہے، عوامی سطح پر صحت مند طرز زندگی کے فروغ اور آگاہی کے لئے کمیونٹیز، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور ذرائع ابلاغ کی فعال شمولیت ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے خصوصی دن پر میں انفرادی اور اجتماعی، سماجی اور عوامی سطح پر تمام متعلقہ فریقین سے اپیل کرتا ہوں کہ اس موذی مرض کے خلاف انسانی صحت کے تخفظ کے اس مشترکہ مشن کے لئے متحد ہو جائیں، حکومتی اور نجی سطح پر باہم تعاون اور ہم آہنگی سے ہم اس مرض کی بروقت تشخیص، موثر علاج اور ہمدردانہ نگہداشت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، خلوص نیت پر مبنی باہمی تعاون اور اجتماعی کاوشوں سے ہی ہم آنے والی نسلوں کے لئے ایک صحت مند اور مضبوط پاکستان کی ضمانت دے سکتے ہیں۔

مزید خبریں