اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارہ جات کا اجلاس منگل کو وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انور چوہدری (بذریعہ ویڈیو لنک) کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور ریگولیٹری اداروں کے سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔کمیٹی نے ایکسپورٹ امپورٹ ایگزم بینک آف پاکستان کی پروکیورمنٹ …
وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارہ جات کا اجلاس

مزید خبریں
اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):کابینہ کمیٹی برائے سرکاری ملکیتی ادارہ جات کا اجلاس منگل کو وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے سمندری امور محمد جنید انور چوہدری (بذریعہ ویڈیو لنک) کے علاوہ متعلقہ وزارتوں، ڈویژنوں اور ریگولیٹری اداروں کے سیکرٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔کمیٹی نے ایکسپورٹ امپورٹ ایگزم بینک آف پاکستان کی پروکیورمنٹ پالیسی 2025 کا جائزہ لیا اور اس کی منظوری دی جس کا مقصد ایگزم بینک کے خریداری کے عمل کو مؤثر اور مربوط بنانا ہے۔ یہ پالیسی سٹیٹ اونڈ انٹرپرائزز ایکٹ 2023 سے ہم آہنگ ہے اور چارٹرڈ انسٹی ٹیوٹ آف پروکیورمنٹ اینڈ سپلائی کے عالمی معیارات اور پی پی آر اے قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بناتی ہے۔
کمیٹی نے وزارتِ تجارت کی جانب سے پیش کردہ ایجنڈا آئٹمز کا بھی جائزہ لیا اور منظوری دی جن میں نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کے بورڈ میں ایک خالی آسامی پر آزاد ڈائریکٹر کی تعیناتی اور چیئرمین بورڈ کی تقرری، سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے بورڈ میں ایک خالی آسامی پر آزاد ڈائریکٹر کی تعیناتی اور ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے بورڈ میں دو خالی آسامیوں میں سے ایک پر آزاد ڈائریکٹر کی تقرری شامل ہیں۔کمیٹی نے وزارتِ بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی ) سے متعلق پیش کردہ بزنس پلان کا بھی جائزہ لیا اور پی ٹی ڈی سی کے بنیادی کردار کو ایک مختصر، مؤثر اور مناسب سائز کے ’’سینٹر آف ایکسی لینس‘‘ کی صورت میں برقرار رکھنے کی منظوری دی۔
یہ ادارہ برانڈ پاکستان کے فروغ، عالمی سطح پر پاکستان کے چہرے کے طور پر کردار ادا کرنے، بین الحکومتی رابطہ کاری، پالیسی معاونت، اور سیاحت کے فروغ کے لئے مارکیٹنگ اور برانڈ ڈویلپمنٹ کی سہولت فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ عملے کی تعداد کو معقول بنایا جائے گا اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعداد کو گورننس تقاضوں کے مطابق ازسرِ نو ترتیب دیا جائے گا۔کمیٹی نے وزارت کو یہ بھی ہدایت کی کہ مجوزہ ادارے کی فنڈنگ اور پی ٹی ڈی سی کے زیرِ انتظام موجود اثاثہ جات کے انتظام کے حوالے سے وزارتِ قانون کے اشتراک سے ایک علیحدہ سمری پیش کی جائے۔








