وفاقی وزیر تجارت سے قازق ہم منصب کی ملاقات ، دونوں ممالک کے درمیان تجارت، کنیکٹوٹی اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے قازقستان کے تجارت اور انضمام کے وزیر ارمان شقاقلیف نے وزارت تجارت، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی تعاون، رابطوں اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے ٹھوس راستے تلاش کیے گئے۔ملاقات میں پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور دونوں ممالک …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے قازقستان کے تجارت اور انضمام کے وزیر ارمان شقاقلیف نے وزارت تجارت، اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اقتصادی تعاون، رابطوں اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے ٹھوس راستے تلاش کیے گئے۔ملاقات میں پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان رابطوں کے چیلنجز سے نمٹنے اور دونوں ممالک کے درمیان مکمل تجارتی امکانات کو کھولنے کے لیے عملی حل پر بات چیت کی گئی ۔فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بہتر ریل، سڑک اور ملٹی ماڈل کنیکٹوٹی پاکستان اور قازقستان تجارت کو مضبوط بنانے اور پائیدار، طویل مدتی اقتصادی روابط کو فعال کرنے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

قازق وزیر نے بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں، خاص طور پر ریلوے اور سڑکوں کی راہداریوں کو تیار کرنے کی تزویراتی اہمیت کو اجاگر کیا جس سے تقریباً 5 ارب امریکی ڈالر کی تجارت اور سرمایہ کاری کا بہاؤ پیدا ہو سکتا ہے جبکہ روزگار کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں اور علاقائی سپلائی چینز کو سپورٹ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے قازقستان کے وسطی ایشیا کو جنوبی ایشیا، چین، یورپ اور گلوبل ساؤتھ بشمول پاکستان کی بندرگاہوں سے جوڑنے کے لیے ایک علاقائی مرکز بننے کے وژن پر زور دیا۔وفاقی وزیر جام کمال خان نے علاقائی اور جغرافیائی سیاسی چیلنجوں کا اعتراف کرتے ہوئے ترکمانستان اور افغانستان کے ذریعے وسطی ایشیا کے ساتھ براہ راست روابط بڑھانے میں پاکستان کی دلچسپی پر اظہار خیال کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بہتر ٹرانزٹ روٹس سے نہ صرف پاکستان اور قازقستان کو فائدہ پہنچے گا بلکہ علاقائی اور عالمی تجارت کے وسیع مواقع بھی کھلیں گے جن میں پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے افریقی اور آسیان منڈیوں تک رسائی بھی شامل ہے۔دونوں وزرا نے ترجیحی شعبوں بشمول زراعت اور فوڈ سکیورٹی ، فارماسیوٹیکل، ٹیکسٹائل، کھیلوں کے سامان، چمڑے کی مصنوعات، کان کنی اور معدنیات، توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

قازق فریق نے مشترکہ منصوبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا، خاص طور پر فوڈ پروسیسنگ، ایگریکلچر ویلیو چینز اور فارماسیوٹیکلز کے شعبہ میں جبکہ پاکستان نے قازقستان کو پاکستان کے سرمایہ کاری کی سہولت کے فریم ورک کے تحت کان کنی، معدنیات اور زراعت پر مبنی صنعتوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔میٹنگ میں کاروبار سے کاروبار مصروفیت کی ضرورت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تجارتی فروغ دینے والے اداروں کو ریگولیٹری رکاوٹیں پیدا کیے بغیر کاروباری اداروں کو جوڑ کر، مارکیٹ انٹیلی جنس کا اشتراک اور میچ میکنگ کی حمایت کرتے ہوئے ایک سہولت کار کردار ادا کرنا چاہیے۔اس تناظر میں، ترجیحی شعبوں، تجارتی اہداف اور تجارتی مشنز، نمائشوں اور وفود کے تبادلے سمیت سرگرمیوں کے روڈ میپ کا خاکہ پیش کرنے والے فریم ورک دستاویز کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔