وفاقی وزیرِ قانون سے کینیڈا کے ہائی کمشنر کی ملاقات، عدالتی اصلاحات میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی جس میں عدالتی اصلاحات، قانونی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں کینیڈین حکومت کے تعاون سے جاری عدالتی تربیتی پروگرامز پر بھی گفتگو ہوئی۔ یہ پروگرامز ہائی کمیشن آف کینیڈا اور …

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):وفاقی وزیرِ قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے ملاقات کی جس میں عدالتی اصلاحات، قانونی نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں کینیڈین حکومت کے تعاون سے جاری عدالتی تربیتی پروگرامز پر بھی گفتگو ہوئی۔ یہ پروگرامز ہائی کمیشن آف کینیڈا اور MUSAWI کے اشتراک سے منعقد کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد ججز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید عدالتی رجحانات سے آگاہی اور بین الاقوامی قانونی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

وفاقی وزیرِ قانون نے پاکستان کے نظامِ انصاف کو مضبوط بنانے میں کینیڈا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کمزور اور محروم طبقات کے لئے انصاف تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غریب قیدیوں اور نوعمر زیرِ حراست افراد کی سہولت کے لئے ایک پائلٹ منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے جس کا آغاز اسلام آباد اور راولپنڈی سے ہوگا۔اس موقع پر وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف نے کیس مینجمنٹ سسٹم اور پاکستان کوڈ کے ذریعے قوانین کی ڈیجیٹلائزیشن سے متعلق جاری پیشرفت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ قانونی مواد کی ڈیجیٹل دستیابی شفاف، موثر اور جدید نظامِ انصاف کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں دونوں فریقین نے عدالتی تربیت، قانونی اصلاحات اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

مزید خبریں