اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سرطان (کینسر) ایک مہلک مگر قابلِ علاج مرض ہے جس سے نمٹنے کے لئے بروقت تشخیص، مؤثر علاج، عوامی آگاہی اور اجتماعی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔عالمی یومِ انسدادِ سرطان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم …
سرطان سے نمٹنے کے لئے بروقت تشخیص، مؤثر علاج، عوامی آگاہی اور اجتماعی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے، سید یوسف رضا گیلانی
اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سرطان (کینسر) ایک مہلک مگر قابلِ علاج مرض ہے جس سے نمٹنے کے لئے بروقت تشخیص، مؤثر علاج، عوامی آگاہی اور اجتماعی کاوشوں کی اشد ضرورت ہے۔عالمی یومِ انسدادِ سرطان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم کینسر کے خلاف جنگ میں نہ صرف مریضوں اور ان کے اہلِخانہ کے ساتھ کھڑے ہوں بلکہ ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے عملی اقدامات بھی کریں، کینسر نہ صرف مریض بلکہ پورے خاندان اور معاشرے پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے اس لئے اس کے تدارک کے لئے مربوط قومی حکمتِ عملی ناگزیر ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اس امر پر زور دیا کہ کینسر سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر، صحت مند طرزِ زندگی، متوازن غذا، تمباکو نوشی سے اجتناب اور باقاعدہ طبی معائنہ نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بروقت تشخیص سے نہ صرف قیمتی جانیں بچائی جا سکتی ہیں بلکہ علاج کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان صحت کے شعبے کو مضبوط بنانے، کینسر کے علاج و تحقیق کے مراکز کو وسعت دینے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سرکاری و نجی شعبے، طبی ادارے، سول سوسائٹی اور میڈیا کو مل کر کینسر سے آگاہی اور اس کے خلاف جدوجہد میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کینسر کے مریضوں، بالخصوص بچوں اور خواتین کے علاج، بحالی اور نفسیاتی معاونت کے لئے کام کرنے والے تمام ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے اور فلاحی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی خدمات قابلِ قدر اور لائقِ ستائش ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں کینسر کے علاج، تحقیق اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تعاون کو مزید فروغ دے تاکہ صحت کے میدان میں مساوات کو یقینی بنایا جا سکے۔
سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کینسر کے خلاف عالمی کوششوں میں بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے جہاں ہر فرد کو صحت مند زندگی گزارنے کا حق حاصل ہو۔









