اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے پورے پاکستان میں موٹروے پولیس کے تمام زونز، سیکٹرز اور دفاتر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصد کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی کی حمایت اور ان کے …
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے یومِ یکجہتی کشمیر پر کشمیری عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے پورے پاکستان میں موٹروے پولیس کے تمام زونز، سیکٹرز اور دفاتر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کا مقصد کشمیری عوام کی جائز جدوجہدِ آزادی کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی کا عملی اظہار تھا۔ افسر تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق موٹروے پولیس کی جانب سے پورے پاکستان میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر واقع ٹول پلازوں، انٹرچینجز اور اہم مقامات پر کشمیر سے متعلق نعروں پر مشتمل خصوصی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔
ان بینرز کے ذریعے نہ صرف کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا گیا بلکہ کشمیری شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لیے آگاہی اسٹالز بھی قائم کیے گئے جہاں شہریوں کو معلوماتی مواد فراہم کیا گیا۔مزید برآں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے مختلف مقامات پر خصوصی واکس کا انعقاد بھی کیا گیا جن میں موٹروے پولیس کے افسران، جوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان واکس کے ذریعے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی اور ان کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت کا واضح پیغام دیا گیا۔








