قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا آپریشن ’’ردالفتنہ‘‘ کی شاندار کامیابی پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن ’’ردالفتنہ‘‘ کی شاندار کامیابی پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور آپریشن میں شامل تمام اداروں نے بے مثال جواں مردی، قربانی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے …

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے آپریشن ’’ردالفتنہ‘‘ کی شاندار کامیابی پر پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور آپریشن میں شامل تمام اداروں نے بے مثال جواں مردی، قربانی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ردالفتنہ کے دوران 216 دہشت گردوں کا جہنم واصل ہونا دہشت گردی کے خلاف ایک بڑی اور فیصلہ کن کامیابی ہے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج اور دیگر اداروں کے 22 بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے عظیم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے واقعات میں معصوم شہریوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ سیدال خان ناصر نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں پاکستان کے امن، استحکام اور دفاع کی ضمانت ہیں اور پوری قوم اپنے ان عظیم سپوتوں پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوم کی یہ قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ جانی و مالی قربانیاں دے چکا ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ اس جدوجہد میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ آپریشن ایک بڑا امتحان تھا جس میں افواجِ پاکستان نے شاندار کامیابی حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا کہ وہ وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی اور پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔