حکام توانائی کے شعبے سے متعلق ڈیٹا تک عوامی رسائی یقینی بنائیں، سردار اویس احمد خان لغاری

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے شفافیت کے فروغ اور باخبر پالیسی سازی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام کے تحت توانائی کے شعبے سے متعلق مستند اور جامع ڈیٹا کو عوام، محققین، توانائی ماہرین اور طلبہ کے لیے قابل رسائی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ …

اسلام آباد۔6فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے شفافیت کے فروغ اور باخبر پالیسی سازی کو یقینی بنانے کے لیے اہم اقدام کے تحت توانائی کے شعبے سے متعلق مستند اور جامع ڈیٹا کو عوام، محققین، توانائی ماہرین اور طلبہ کے لیے قابل رسائی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے اس امر پر زور دیا کہ درست اور قابل اعتماد معلومات تک کھلی رسائی سے متعلقہ فریقین کو پاور سیکٹر کی بہتری کے لیے تعمیری اور بامعنی تجاویز پیش کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ شواہد پر مبنی مکالمہ اور مؤثر اصلاحات اسی صورت ممکن ہیں جب ڈیٹا میں شفافیت موجود ہو۔وفاقی وزیر نے کہا کہ توانائی کے شعبے سے متعلق معلومات کی آسان اور بروقت فراہمی سے نہ صرف احتساب کے عمل کو تقویت ملے گی بلکہ عوام کا اعتماد بھی مستحکم ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے قیاس آرائیوں، غلط معلومات اور پاور سیکٹر سے متعلق نامکمل یا غیر مستند اعداد و شمار پر مبنی خبروں کی حوصلہ شکنی ممکن ہو سکے گی۔ سردار اویس احمد خان لغاری نے شفافیت اور باخبر فیصلہ سازی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے کے ڈیٹا تک وسیع تر رسائی تحقیق، جدت اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے عمل کو مزید موثر بنائے گی۔