راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ نے پنڈی گھیب میں عوامی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیرینہ مسئلےحل کردیا

راولپنڈی۔ 06 فروری (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پنڈی گھیب میں عوامی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ایک اہم اور دیرینہ مسئلے کو بخوبی حل کر دیا۔ اخلاص کے علاقے میں واقع سرکاری سکول کے ساتھ موجود نالے کی صفائی کے ساتھ ساتھ اسے مزید کشادہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں نکاسی آب میں حائل رکاوٹیں مکمل طور پر دور …

راولپنڈی۔ 06 فروری (اے پی پی):راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے پنڈی گھیب میں عوامی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ایک اہم اور دیرینہ مسئلے کو بخوبی حل کر دیا۔ اخلاص کے علاقے میں واقع سرکاری سکول کے ساتھ موجود نالے کی صفائی کے ساتھ ساتھ اسے مزید کشادہ کر دیا گیا جس کے نتیجے میں نکاسی آب میں حائل رکاوٹیں مکمل طور پر دور ہو گئیں اور سکول و ملحقہ آبادی کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہوا۔

یہ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب محمد ذونیر کی براہِ راست نگرانی اور سی ای او راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی رانا ساجد صفدر کی جانب سے جاری کردہ خصوصی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی۔ احکامات کے مطابق راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے تحصیل مینیجر پنڈی گھیب علی رضا مغل نے اپنی ٹیم، ورک فورس اور مشینری کی مدد سے نالے کی مکمل صفائی کروائی اور اس کی چوڑائی بڑھانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے گئے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈی گھیب محمد ذونیر کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا فوری حل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، نالے کی صفائی اور کشادگی سے نہ صرف بارش کے پانی کی نکاسی بہتر ہوگی بلکہ سکول کے بچوں اور مقامی رہائشیوں کو درپیش دیرینہ مسئلہ بھی حل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نالے کو پختہ کرنے کے لیے بھی آئندہ دنوں میں اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مستقل بنیادوں پر مسئلہ دوبارہ جنم نہ لے۔سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر نے اس حوالے سے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ہماری ذمہ داری ہے۔

پنڈی گھیب میں کی جانے والی یہ کارروائی اسی عزم کی عکاس ہے کہ نکاسی آب اور صفائی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔تحصیل مینیجر پنڈی گھیب علی رضا مغل نے بتایا کہ نالے کی صفائی اور کشادگی کے دوران جدید مشینری اور تربیت یافتہ عملہ استعمال کیا گیا، تاکہ پانی کی روانی بحال ہو اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ رکاوٹ سے بچا جا سکے۔علاقہ مکینوں اور سکول انتظامیہ نے بروقت کارروائی پر انتظامیہ اور راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اسی طرح عوامی مسائل کے حل کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔