بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے،ہمیں اپنی ثقافت پر ناز ہے ،بسنت کے تہوار پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ، مریم نواز

لاہور۔6فروری (اے پی پی):وزیراعلی مریم نوازنے زندہ دلان لاہور کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بسنت کی خوشیاں منائیں، شہر میں 25سال بعد 3روزہ بسنت بہار منائی جا رہی ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں ، پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف بڑھتی ہوئی گڈی پر توجہ مرکوز کریں ، آج لاہور میں پتنگیں نہیں خوشیاں اڑ رہی ہیں ،خوشی کے ہر لمحے میں اپنے ارد گردکے لوگوں کو بھی …

لاہور۔6فروری (اے پی پی):وزیراعلی مریم نوازنے زندہ دلان لاہور کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ بسنت کی خوشیاں منائیں، شہر میں 25سال بعد 3روزہ بسنت بہار منائی جا رہی ہے، ہم آپ کے ساتھ ہیں ، پریشانیاں بھلا کر نیلے افق کی طرف بڑھتی ہوئی گڈی پر توجہ مرکوز کریں ، آج لاہور میں پتنگیں نہیں خوشیاں اڑ رہی ہیں ،خوشی کے ہر لمحے میں اپنے ارد گردکے لوگوں کو بھی شریک کریں۔

ترجمان ایوان وزیر اعلی کے مطابق وزیراعلی مریم نوازنے کہا ہے کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے،ہمیں اپنی ثقافت پر ناز ہے، بسنت کے تہوار پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں ، بائیک کی بجائے ہر روٹ پر مفت ٹرانسپورٹ کو ترجیح دیں ، عوام کی مفت آمدورفت کیلئے 419 بسیں تینوں دن میسر ہوں گی، بسنت کے موقع پر عوام کو 60ہزار سے زائد فری رائیڈز دیں گے، اورنج لائن ٹرین کے 25 سیٹ مسافروں کو مفت سفر کی سہولت مہیا کریں گے، میٹروبس، فیڈر بسیں، گرین بسیں بھی فری ٹریول کی سہولت مہیا کرینگی، 6ہزاررکشوں پر رائیڈ فری ہوگی ۔

انہوں نے کہاکہ حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، مقررہ سائز اور سٹینڈرڈ کے مطابق پتنگیں اور ڈور استعمال کریں ، یاد رکھیں ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہوسکتی ہے، پتنگ بازی کے لئے دھاتی تار، تندی، بلٹ بروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیر قانونی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لاہو رکے سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی، بائیک اور موٹرسائیکل رکشے پر سیفٹی راڈ ناگزیرہیں ، رجسٹرڈمینوفیکچرز،سیلرز اوردکاندار سے QRکوڈ لگی ڈور اور پتنگیں خریدیں ، دکاندار بھائیوں سے اپیل کرتی ہوں کہ عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں حائل نہ ہوں،

ڈور اور پتنگیں مہنگی نہ بیچیں ، بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدام کیا گیا، تحفظ کیلئے ہر تحصیل میں 15محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس بھی قائم کی ہے، کھلی چھت پر پتنگ بازی کرتے ہوئے احتیاط کریں،منڈیر نہ ہونے پر چھت کے اطراف میں کم ازکم نائیلون کی ڈورضرور باندھ لیں ، کھلی چھت پر حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، بسنت کے موقع پر تھرمل ڈرون کے ذریعے سرویلنس جاری رہے گی ، پولیس، ٹریفک وارڈن، انتظامیہ اور دیگر ادارے آپ کی مدد کیلئے موجود ہیں ۔