گورنرفیصل کریم کنڈی سے ایس این کے پیٹرولیم کے وفد کی ملاقات،خیبر پختونخوا میں جدید فیول اسٹیشنز کی ترقی سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال

پشاور۔ 08 فروری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکہ میں ایندھن کی تھوک سپلائی اور ڈسٹری بیوشن سے وابستہ کمپنی ایس این کے پیٹرولیم کے ایک وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔ گورنر خیبرپختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں ڈائریکٹر ایس این کے علی کرمانی، معروف کاروباری شخصیت چوہدری اکرم ، پیٹرولیم ایکسپلوریشن کے شہباز ظہیر اور دیگر …

پشاور۔ 08 فروری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے امریکہ میں ایندھن کی تھوک سپلائی اور ڈسٹری بیوشن سے وابستہ کمپنی ایس این کے پیٹرولیم کے ایک وفد نے لاہور میں ملاقات کی۔ گورنر خیبرپختونخوا کے پبلک ریلیشنز آفیسر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفد میں ڈائریکٹر ایس این کے علی کرمانی، معروف کاروباری شخصیت چوہدری اکرم ، پیٹرولیم ایکسپلوریشن کے شہباز ظہیر اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں جدید فیول اسٹیشنز کی ترقی، نجی شعبے کی سرمایہ کاری اور مقامی کاروباری مواقع بڑھانے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے گورنر کو بتایا کہ ایس این کے پیٹرولیم امریکہ کی مختلف ریاستوں میں آزاد پٹرول پمپس کو پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی، برانڈ سپورٹ اور ماحولیاتی و آپریشنل معاونت فراہم کرتی ہے،کمپنی بڑے عالمی فیول برانڈز کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے مقامی ریٹیلرز کو جدید سہولیات اور کاروباری ترقی کے مواقع فراہم کرتی ہے،وہ وطن عزیز میں ڈالر کمانے نہیں بلکہ ملک کی خدمت کا جذبہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا میں جدید اور محفوظ فیول اسٹیشنز کے قیام، موجودہ پٹرول پمپس کی اپ گریڈیشن اور بہتر بزنس مینجمنٹ سسٹمز متعارف کرانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں نجی سرمایہ کاری سے نہ صرف فیول ریٹیل سیکٹر مضبوط ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے اور مقامی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جدید ڈیزائن، حفاظتی اقدامات اور مؤثر انتظامی نظام کے ذریعے فیول اسٹیشنز کو زیادہ منافع بخش اور صارف دوست بنایا جا سکتا ہے جس سے صوبے کی مجموعی معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا جاسکتا ہے۔ وفد نے خیبر پختونخوا کی ترقی کے حوالہ سے گورنر فیصل کریم کنڈی کے جذبات کو سراہا۔