ملک میں ترقی کی سیاست اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ جاری ہے، رانا ثناء اللہ کا مختلف چکوک کو گیس فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پرخطاب

فیصل آباد۔ 08 فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کی سیاست اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ جاری ہے۔ اپنے حلقہ میں مختلف چکوک کو گیس فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سڑکوں کے افتتاح کے موقع پر عوام گیس کا مطالبہ …

فیصل آباد۔ 08 فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی و عوامی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ ملک میں ترقی کی سیاست اور دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ جاری ہے۔ اپنے حلقہ میں مختلف چکوک کو گیس فراہمی اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی میں سڑکوں کے افتتاح کے موقع پر عوام گیس کا مطالبہ کرتے تھے جو اب پورا ہو رہا ہے کیونکہ حکومت نے قطر کے ساتھ گیس کا معاہدکر کے لوگوں کو گیس کی فراہمی ممکن بنائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقی کی سیاست کی ہے، نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست سے گریز کیا اور ملک میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے جبکہ مزید منصوبے بھی جاری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ملک میں نفرت اور گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا گیا اورایک نام نہاد سیاسی ٹولے نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات بنانے کے سوا کوئی نمایاں کام نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ 2018 میں سیاسی مخالفین کے خلاف جھوٹے مقدمات کا سلسلہ شروع کیا گیا، یہاں تک کہ انہیں موٹر وے سے گرفتار کر کے اگلے دن ان پر 20 کلو ہیروئین ڈال دی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے معرکہ حق میں نہ صرف پاکستان کو بچایا بلکہ پوری دنیا میں ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد بھارت نے بلاجواز الزامات پاکستان پر عائد کیے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا کو واضح طور پر بتایا کہ پاکستان بے گناہ ہے اور تحقیقات کے لیے بین الاقوامی کمیٹی بنانے کی پیشکش کی، اس کے باوجود بھارت نے پاکستان پر حملہ کر کے 100 میزائل برسائے جن کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا جو پوری دنیا نے دیکھا۔

اس کے بعد پاکستان کوتحفظ حرمین شریفین کی ذمہ داری سونپی گئی جو ملک کے لیے اعزاز ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مسجد میں خودکش دھماکے میں تقریباً 35 افراد شہید اور 150 زخمی ہوئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت افغانستان کو پراکسی کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی بیرون ملک سے آنے والی سرمایہ کاری روکنے کے لیے کرا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے ساتھ مذاکرات کا کوئی جواز نہیں کیونکہ ان کا کوئی قابل قبول مطالبہ نہیں ہے، یہ عناصر افغانستان کی طرز پر کوڑے مارنے والا نظام مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ ایسے عناصر کو ان شاء اللہ جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک کی ترقی کے لیے جدوجہد کر رہی ہے،امید ہے کہ رواں سال آئی ایم ایف سے نجات مل جائے گی جس کے بعد مہنگائی میں مزید کمی لائی جائے گی اور آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی کوشش کی جائے گی۔

قبل ازیں انہوں نے چک نمبر 8 ج ب، چک نمبر 46 ج ب اور چک نمبر 47 ج ب کیلئے گیس فراہمی اور دیگر ترقیاتی کاموں کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر علاقہ معززین اور پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی قائدین کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔