سٹاک ہوم۔10فروری (اے پی پی):سویڈن نے کہا ہے کہ اس نے شہریت کے حصول کے خواہاں غیر ملکی افراد کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق مائیگریشن کے وزیر جوہان فورسل نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ نئی مجوزہ شرائط میں دینتدارانہ زندگی اور مالی ضروریات، زبان اور عمومی علم کا امتحان متعارف کرایا جائے گا جبکہ شہریت سے قبل سویڈن میں …
سویڈن کا غیر ملکیوں کے لئے شہریت کے قوانین مزید سخت کرنے کا منصوبہ
سٹاک ہوم۔10فروری (اے پی پی):سویڈن نے کہا ہے کہ اس نے شہریت کے حصول کے خواہاں غیر ملکی افراد کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق مائیگریشن کے وزیر جوہان فورسل نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ نئی مجوزہ شرائط میں دینتدارانہ زندگی اور مالی ضروریات، زبان اور عمومی علم کا امتحان متعارف کرایا جائے گا جبکہ شہریت سے قبل سویڈن میں رہائش کی شرط کو پانچ سے آٹھ سال تک بڑھایا جائے گا۔ اگر پارلیمنٹ سے منظوری مل جاتی ہے تو نئے قوانین 6 جون کو سویڈن کی قومی تعطیل کے دن سے لاگو ہوں گے اور اُن درخواستوں پر بھی لاگو ہوں گے جو اس وقت زیرِغور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سویڈش شہریت حاصل کرنا بہت آسان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریت کا مطلب اس وقت لاگو قوانین کی شرائط سے کہیں زیادہ ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت صرف ’پانچ سال کی رہائش کے بعد اور مقامی زبان کا ایک لفظ جانے بغیر، ہمارے معاشرے کے بارے میں کچھ جانے بغیر اور اپنی کوئی آمدنی بنائے بغیر شہریت کا حصول ممکن ہے۔ حال ہی میں میڈیا کی سرخیوں میں آنے والے ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ قتل کے الزام میں حراست میں ہوتے ہوئے بھی ایک دن شہری بن سکتے ہیں۔ امیگریشن کے وزیر نے کہا کہ یہ واضح طور پر اور مکمل طور پر اُن افراد کو غلط پیغام دیتا ہے جو درست طریقے سے سویڈن کی شہر یت حاصل کرتے ہیں اور جو پہلے سے شہری ہیں۔
نئے قوانین کے تحت جن لوگوں کا اپنے آبائی ملک یا سویڈن میں مجرمانہ ریکارڈ ہے، اور ایسے افراد جنہوں نے اپنی سزا کاٹ لی ہے، انہیں شہریت کے لیے درخواست دینے سے پہلے 17 سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔ اس وقت کے قانون میں یہ مدت 10 سال ہے۔ اس کے علاوہ وہ لوگ جن کے بارے میں حکام سمجھتے ہیں کہ وہ دیانتدارانہ زندگی گزارنے کے تقاضوں پر عمل درآمد نہیں کرتے انہیں شہریت نہیں دی جائے گی۔ اس میں وہ لوگ شامل ہیں جو مستقبل قرض لیتے ہیں، جن کے بارے میں عدالتوں نے احکامات جاری کیے ہوں، یا یہاں تک کہ وہ لوگ جو منشیات کی لت میں مبتلا ہوں۔ شہریت کی درخواست دینے والوں کی ماہانہ آمدن دو ہزار 225 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہونا چاہیے۔









