ایران کے ساتھ مذاکرات میں ریڈ لائنز کا فیصلہ صڈر ڈونلڈ ٹرمپ خود کریں گے، امریکی نائب صدر

واشنگٹن ۔10فروری (اے پی پی):امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ریڈ لائنز بارے حتمی فیصلہ کریں گے۔ العربیہ اردو کے مطابق جے ڈی وینس نے یریوان میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر ہم ایرانیوں کے ساتھ ہونے والے اصل مذاکرات کو پھر سے یاد کریں تو ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسے تعمیری معاہدے تک پہنچنے کے …

واشنگٹن ۔10فروری (اے پی پی):امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے اعلان کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ مذاکرات میں ریڈ لائنز بارے حتمی فیصلہ کریں گے۔ العربیہ اردو کے مطابق جے ڈی وینس نے یریوان میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر ہم ایرانیوں کے ساتھ ہونے والے اصل مذاکرات کو پھر سے یاد کریں تو ڈونلڈ ٹرمپ ایک ایسے تعمیری معاہدے تک پہنچنے کے لیے کوشش کر رہے تھے جو امریکا کے مفاد میں ہو، سچی بات یہ ہے کہ پوری انتظامیہ اس پر متفق تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایران معاہدہ کرنے کے لیے کافی سمجھداری سے کام لیتا تو یہ ان کے اپنے مفاد میں بھی ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ صدر پر چھوڑ دوں گا کہ وہ مذاکرات کے لیےکیا حدود مقرر کرنا چاہتے ہیں۔ وہ عام طور پر یہ کام خفیہ طور پر کرتے ہیں اور یہ اعلان نہیں کرتے کہ وہ مذاکرات میں کیا کریں گے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ اس سے وہ پابند ہو جاتے ہیں۔ جے ڈی وینس نے یہ بھی کہا کہ امریکی صدر آنے والے دنوں اور ہفتوں کے دوران اپنی ٹیم اور دیگر افراد کے ساتھ اہم بات چیت کریں گے۔