افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد

کولمبو ۔12فروری (اے پی پی):افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ یہ جرمانہ بدھ کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلے کے بعد کیا گیا ۔ آئی سی سی ترجمان کے مطابق محمد نبی …

کولمبو ۔12فروری (اے پی پی):افغانستان کے کھلاڑی محمد نبی پر آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ یہ جرمانہ بدھ کو احمد آباد میں کھیلے گئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف مقابلے کے بعد کیا گیا ۔

آئی سی سی ترجمان کے مطابق محمد نبی کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.4 کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا گیا جو بین الاقوامی میچ کے دوران امپائر کی ہدایات کی خلاف ورزی سے متعلق ہے۔ اس کے علاوہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کر دیا گیا ہے جو گزشتہ 24 ماہ کے عرصے میں ان کی پہلی خلاف ورزی ہے۔

واقعہ افغانستان کی اننگز کے 14ویں اوور کے آغاز میں پیش آیا جب محمد نبی نے جنوبی افریقی بولر لنگی اینگیڈی کی کلائی پر بندھی پٹی کے معاملے پر امپائرز سے طویل بحث کی۔ بعد ازاں محمد نبی نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے امارات آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف میچ ریفریز کے ڈیوڈ گلبرٹ کی جانب سے تجویز کردہ سزا قبول کر لی جس کے باعث باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔آن فیلڈ امپائرز جے رامان مداناگوپال اور شرف الدولہ ابن شاہد، تھرڈ امپائر نتن مینن اور فورتھ امپائر کے این اننتھاپدمانابھن نے چارج عائد کیا تھا۔

آئی سی سی کے مطابق لیول ون کی خلاف ورزی پر کم از کم سرکاری تنبیہ اور زیادہ سے زیادہ میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جا سکتے ہیں۔ اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران چار یا اس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کر لے تو انہیں معطلی پوائنٹس میں تبدیل کر دیا جاتا ہے جبکہ دو معطلی پوائنٹس ایک ٹیسٹ یا دو ون ڈے یا دو ٹی ٹوئنٹی میچز کی پابندی کے برابر ہوتے ہیں۔ ڈی میرٹ پوائنٹس 24 ماہ تک ریکارڈ پر برقرار رہتے ہیں جس کے بعد ختم کر دیئے جاتے ہیں۔