کرکٹ میں کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک یا نامناسب رویے کی کوئی گنجائش نہیں، آئی سی سی

کولمبو ۔12فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر ایونٹ سے منسلک تمام منظور شدہ (اکریڈیٹڈ) افراد کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کرکٹ میں کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک یا نامناسب رویے کی کوئی گنجائش نہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ مختلف ثقافتوں اور قومیتوں کو قریب لانے کا ذریعہ ہے، اس …

کولمبو ۔12فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)نے مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 کے موقع پر ایونٹ سے منسلک تمام منظور شدہ (اکریڈیٹڈ) افراد کے لیے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کرکٹ میں کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک یا نامناسب رویے کی کوئی گنجائش نہیں۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کرکٹ مختلف ثقافتوں اور قومیتوں کو قریب لانے کا ذریعہ ہے، اس لیے ایونٹ کے دوران محفوظ اور غیر امتیازی ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔آئی سی سی کے مطابق وہ ایونٹ کے دوران یا اس کے اطراف پیش آنے والے کسی بھی امتیازی یا غیر مناسب طرز عمل کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔

نسل، رنگ، مذہب، ثقافت، قومیت، جنس، صنف، جنسی رجحان، معذوری، ازدواجی حیثیت یا زچگی کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے امتیاز کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد شرکا اور دیگر متعلقہ افراد کے تحفظ کو یقینی بنانا اور ایونٹ کی ساکھ اور سالمیت کو برقرار رکھنا ہے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایکریڈیشن کی شرائط کے تحت آئی سی سی کو مکمل اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فرد کی ایکریڈیشن منسوخ کر دے یا اسے سٹیڈیم سے باہر نکال دے جس کا رویہ اشتعال انگیز، دھمکی آمیز، امتیازی، توہین آمیز یا غیر اخلاقی قرار پائے۔ ایسے طرز عمل سے نہ صرف متاثرہ افراد کو نقصان پہنچتا ہے بلکہ ایونٹ کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔

واضح کیا گیا ہے کہ توہین آمیز زبان یا اشارے، ہراسانی، جسمانی یا جذباتی زیادتی، تشدد، سوشل میڈیا یا عوامی مقامات پر امتیازی یا اشتعال انگیز پیغامات کی نمائش، بدمعاشی اور غیر اخلاقی حرکات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور ان پر تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی سی سی نے ہدایت کی ہے کہ اگر ایونٹ کے دوران کوئی شخص کسی نامناسب رویے کا مشاہدہ کرے یا اس کا نشانہ بنے تو فوری طور پر رپورٹ کرے۔ اس مقصد کے لیے خفیہ ای میل ایڈریس [email protected] فراہم کیا گیا ہے جبکہ متعلقہ حکام سے بھی براہ راست رابطے کی تاکید کی گئی ہے۔ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے دوران محفوظ، باعزت اور غیر امتیازی ماحول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔