بھارت وپاکستان کے درمیان ہونیوالا میچ سپورٹس مین شپ کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے،محمد حفیظ

لاہور۔12فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والا میچ مکمل سپورٹس مین شپ کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان اس میچ کے حوالے سے پیدا ہونے والے تعطل کے بعد بالآخر پاکستان حکومت نے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے …

لاہور۔12فروری (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کہا ہے کہ آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں بھارت اور پاکستان کے درمیان ہونے والا میچ مکمل سپورٹس مین شپ کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان اس میچ کے حوالے سے پیدا ہونے والے تعطل کے بعد بالآخر پاکستان حکومت نے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا، جس کے بعد یہ میچ شیڈول کے مطابق کھیلا جائے گا۔

محمد حفیظ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ ہمیشہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقابلوں کے حامی رہے ہیں کیونکہ یہ وہ مقابلہ ہے جو پوری دنیا کو متوجہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف ایک میچ کی بات نہیں کر رہے بلکہ چاہتے ہیں کہ دونوں ٹیمیں باقاعدگی سے آئی سی سی ایونٹس میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں اور سیاست کو کرکٹ سے ہمیشہ کے لیے دور رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو کھیل کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کا پورا موقع ملنا چاہیے اور کرکٹ کو سیاسی وجوہات کی بنا پر بند نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ اگر 15 فروری کو یہ میچ ہوتا ہے تو اسے کھیل کے اعلیٰ ترین جذبے اور دیانتداری کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے۔بھارت اور پاکستان کے درمیان یہ بڑا مقابلہ 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول ہے۔ پاکستان حکومت نے ایک اعلامیے میں کہا کہ کثیرالجہتی بات چیت کے مثبت نتائج اور دوست ممالک بنگلہ دیش اور سری لنکا کی درخواست پر پاکستان قومی ٹیم کو مقررہ تاریخ کو میدان میں اترنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد ٹورنامنٹ پر منڈلاتے غیر یقینی کے بادل چھٹ گئے ہیں اور شائقین کرکٹ کو ایک بڑا مقابلہ دیکھنے کا موقع ملے گا۔