کولمبو ۔13فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 میں پاکستان کے خلاف اہم مقابلے سے چند روز قبل سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے بھارتی کھلاڑی سنجو سیمسن کی بیٹنگ پر سوال اٹھا دیا ہے۔سنجو سیمسن حالیہ عرصے میں مختصر طرز کی کرکٹ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی وہ نمایاں کارکردگی پیش نہ کر …
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 میں پاکستان کے خلاف اہم مقابلے سے چند روز قبل سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے بھارتی کھلاڑی سنجو سیمسن کی بیٹنگ پر سوال اٹھا دیا
کولمبو ۔13فروری (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 میں پاکستان کے خلاف اہم مقابلے سے چند روز قبل سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر نے بھارتی کھلاڑی سنجو سیمسن کی بیٹنگ پر سوال اٹھا دیا ہے۔سنجو سیمسن حالیہ عرصے میں مختصر طرز کی کرکٹ میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی وہ نمایاں کارکردگی پیش نہ کر سکے، جس کے بعد انہیں ابتدائی میچ میں ٹیم سے باہر رکھا گیا اور ان کی جگہ ایشان کشن کو موقع دیا گیا۔ بعد ازاں نمیبیا کے خلاف میچ میں جب ابھیشیک شرما بیماری کے باعث دستیاب نہ تھے تو سیمسن کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا۔
نمیبیا کے خلاف سیمسن نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور صرف آٹھ گیندوں پر بائیس رنز بنائے، جن میں ایک چوکا اور تین چھکے شامل تھے تاہم وہ اپنی اننگز کو طول نہ دے سکے اور گہرے مڈ وکٹ پر کیچ دے بیٹھے۔سنیل گواسکر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سنجو سیمسن کو اپنی تکنیکی خامیوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق سیمسن کریز میں بہت زیادہ پیچھے چلے جاتے ہیں اور فلک شاٹ کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں، جس میں کامیابی کا انحصار صرف درست ٹائمنگ پر ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیمسن کو پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے کا موقع ملتا ہے تو انہیں وکٹ پر زیادہ دیر قیام کرنا ہوگا اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ ابھیشیک شرما تاحال معدے کی تکلیف سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور ان کی دستیابی کے بارے میں غیر یقینی صورتحال برقرار ہے، اگر وہ مکمل فٹ نہ ہو سکے تو پاکستان کے خلاف کولمبو میں ہونے والے اہم مقابلے میں سنجو سیمسن کو ایک بار پھر موقع مل سکتا ہے۔









