بھارت کے خلاف حالات پاکستان کے حق میں جا رہے ہیں، ٹیم بہتر پوزیشن میں ہے، عاقب جاوید

حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات اور کرکٹ ماحول پاکستان کے حق میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ بھارت کی سفارتی حکمت عملی بھی الٹی پڑتی نظر آ رہی ہے۔ وہ حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں اب کرکٹ …

حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹر پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ عاقب جاوید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات اور کرکٹ ماحول پاکستان کے حق میں دکھائی دے رہے ہیں جبکہ بھارت کی سفارتی حکمت عملی بھی الٹی پڑتی نظر آ رہی ہے۔ وہ حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں اب کرکٹ کا انداز اور رفتار بدل چکی ہے اور مسلسل کرکٹ ہونے کی وجہ سے سپر سٹار کھلاڑیوں کے ابھرنے کے مواقع کم ہوگئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ ہمیشہ غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ شائقین کی توقعات بہت زیادہ ہوتی ہیں اور اکثر ٹیموں کی ساکھ بھی اسی مقابلے کی کارکردگی سے جڑی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم نے حالیہ عرصے میں اپنی کارکردگی بہتر بنائی ہے اور اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ عاقب جاوید کے مطابق جدید کرکٹ میں وہی ٹیم بہتر کارکردگی دکھاتی ہے جس کے سپنرز مضبوط ہوں جبکہ پاکستانی ٹیم کی موجودہ فارم حوصلہ افزا ہے اور امید ہے کہ آنے والے مقابلوں میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے تیز رفتار انداز میں کسی بھی بیٹر سے طویل عرصے تک مسلسل غیر معمولی کارکردگی کی توقع رکھنا مشکل ہو گیا ہے، جس کا اثر بڑے کھلاڑیوں پر بھی پڑتا ہے، جن میں بابر اعظم بھی شامل ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے علاقائی سطح پر ڈومیسٹک اور ریجنل کرکٹ کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ نئے باصلاحیت کھلاڑی سامنے آ سکیں۔