امریکامیں یمنیوں کی عارضی حفاظتی حیثیت ختم ، 60 دن میں ملک چھوڑنے کا حکم

واشنگٹن ۔14فروری (اے پی پی):امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نویم نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یمن کے لیے عارضی حفاظتی حیثیت (ٹی پی ایس ) ختم کر دی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق وزیر نے بیان میں کہا کہ ملک کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متعلقہ امریکی سرکاری اداروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ یمن اب عارضی حفاظتی حیثیت …

واشنگٹن ۔14فروری (اے پی پی):امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی وزیر کرسٹی نویم نے اعلان کیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یمن کے لیے عارضی حفاظتی حیثیت (ٹی پی ایس ) ختم کر دی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق وزیر نے بیان میں کہا کہ ملک کی صورتحال کا جائزہ لینے اور متعلقہ امریکی سرکاری اداروں سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ یمن اب عارضی حفاظتی حیثیت دینے کے لیے قانونی شرائط پر پورا نہیں اترتا۔انہوں نےکہا کہ یمن کے لیے عارضی حفاظتی پروگرام سے فائدہ اٹھانے والوں کو عارضی طور پر امریکا میں رہنے کی اجازت دینا ہمارے قومی مفادات کے منافی ہے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ پروگرام عارضی رہنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا اور امریکی قومی سلامتی کے مفادات ترجیح ہیں۔ وزیر کرسٹی نویم نے یہ بھی واضح کیا کہ یمن کے عارضی حفاظتی پروگرام سے فائدہ اٹھانے والے وہ افراد جن کے پاس امریکا میں رہنے کی کوئی اور قانونی بنیاد نہیں ، کے پاس رضاکارانہ طور پر امریکا چھوڑنے کے لیے 60 دن کی مہلت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امریکا سے جانے والے غیر ملکیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ وہ اپنی روانگی کی اطلاع دینے کے لیے امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن کی ‘CBP Home’ ایپ استعمال کریں۔

یہ ایپ خود سے روانگی کا ایک محفوظ اور یقینی طریقہ فراہم کرتی ہے جس میں مفت ہوائی ٹکٹ، 2600 ڈالر کا روانگی بونس اور مستقبل میں قانونی ہجرت کے ممکنہ مواقع شامل ہیں۔پروگرام کے خاتمے کی تاریخ کے بعد ہوم لینڈ سکیورٹی کے محکمے کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ کسی بھی غیر مقیم یمنی شہری کو اس کی عارضی حفاظت کی مدت ختم ہوتے ہی گرفتار کرکے ڈی پورٹ کر دے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ اس فیصلے سے کتنے یمنی متاثر ہوں گے۔واضح رہے عارضی حفاظتی حیثیت ان افراد کو دی جاتی ہے جن کے ممالک قدرتی آفات، مسلح تنازعات یا دیگر غیر معمولی واقعات کا شکار ہوں اور اس کے تحت مہاجرین کو ورک پرمٹ اور ملک بدری سے عارضی تحفظ ملتا ہے۔ امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق یمن کو 3 ستمبر 2015 کو جاری مسلح تنازع کی بنیاد پر عارضی حفاظتی حیثیت دی گئی تھی۔ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے 2017، 2018، 2020، 2021، 2023 اور 2024 میں یمن کی اس حیثیت میں توسیع کی تھی۔

مزید خبریں