ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ، آئرلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 96 رنز سے شکست دے دی

کولمبو ۔14فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیسویں میچ میں آئرلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 96 رنز سے شکست دے دی۔ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے مقابلے میں عمان کی ٹیم ایونٹ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں 139 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔عمان کی جانب سے عامر کلیم نے 50 جبکہ حماد مرزا نے 46 رنز سکور کیے۔ …

کولمبو ۔14فروری (اے پی پی):ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بائیسویں میچ میں آئرلینڈ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 96 رنز سے شکست دے دی۔ کولمبو کے سنہالیز اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے مقابلے میں عمان کی ٹیم ایونٹ کے سب سے بڑے ہدف کے تعاقب میں 139 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔عمان کی جانب سے عامر کلیم نے 50 جبکہ حماد مرزا نے 46 رنز سکور کیے۔ عامر کلیم 44 سال اور 86 روز کی عمر میں کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں نصف سنچری بنانے والے معمر ترین کھلاڑی بن گئے۔

تاہم دیگر بیٹرز خاطر خواہ مزاحمت نہ کرسکے اور ٹیم بڑا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔آئرلینڈ کی جانب سے جوش لٹل نے تین وکٹیں حاصل کیں، جبکہ میتھیو ہمفریز اور بیری میکارتھی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جارج ڈاکریل نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔اس سے قبل عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں درست ثابت ہوتا دکھائی دیا۔ آئرلینڈ کی چوتھی وکٹ صرف 64 رنز پر گر گئی تھی، تاہم ایک موقع پر ونایک شکلا نے 14 کے انفرادی سکور پر لوکران ٹکر کا آسان کیچ/اسٹمپ مس کردیا جو بعد میں مہنگا ثابت ہوا۔

لوکران ٹکر نے گیراتھ ڈیلانی کے ساتھ 101 رنز کی جارحانہ شراکت قائم کرکے ٹیم کو سنبھالا۔ ڈیلانی 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد ٹکر نے جارج ڈاکریل کے ساتھ مزید 70 رنز جوڑ کر سکور کو نئی بلندی تک پہنچا دیا۔لوکران ٹکر 51 گیندوں پر 94 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ جارج ڈاکریل نے صرف 9 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی۔ آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 235 رنز بنائے جو رواں ایونٹ کا سب سے بڑا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تاریخ کا دوسرا بڑا مجموعی سکور ہے۔