کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):سری لنکا کے شہر کولمبو میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ اے کا ہائی وولٹیج مقابلہ آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے نائٹ میچ پریماداسا اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہیں اور یہ مقابلہ نہ صرف گروپ کی ٹاپ پوزیشن بلکہ …
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2026 ، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا

مزید خبریں
کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):سری لنکا کے شہر کولمبو میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے گروپ اے کا ہائی وولٹیج مقابلہ آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ یہ ڈے نائٹ میچ پریماداسا اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہیں اور یہ مقابلہ نہ صرف گروپ کی ٹاپ پوزیشن بلکہ سپر 8 مرحلے میں رسائی کے لیے بھی فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکا ہے۔
جو ٹیم کامیاب ہوگی وہ براہِ راست سپر 8 میں جگہ بنالے گی جبکہ ناکام سائیڈ کے پاس بھی آخری میچ جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچنے کا موقع موجود ہوگا۔بھارت نے اپنے ابتدائی میچز میں امریکا اور نمیبیا کو شکست دی جبکہ پاکستان نے نیدرلینڈز اور امریکا کے خلاف کامیابیاں سمیٹیں۔ دونوں ٹیمیں متوازن کمبی نیشن اور بلند حوصلوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔ ورلڈکپ میں پاک بھارت ٹاکرا ہمیشہ غیرمعمولی اہمیت کا حامل رہا ہے، تاہم اس بار پہلے پاکستان کی جانب سے منفی بھارتی رویے پر بائیکاٹ کے اعلان اور بعدازاں بنگلہ دیش کو انصاف ملنے کے بعد آمادگی نے اس میچ کی دلچسپی مزید بڑھا دی ہے۔
اسٹیڈیم اور اطراف میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں، تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے تھے جبکہ بلیک میں بھی خرید و فروخت کی اطلاعات ہیں۔ دنیا بھر سے پاکستانی اور بھارتی شائقین کی بڑی تعداد کولمبو پہنچ چکی ہے جس سے سری لنکا کی سیاحت کو بھی فروغ ملا ہے۔پچ رپورٹ کے مطابق کولمبو کی وکٹ بیٹرز اور بولرز دونوں کے لیے مددگار سمجھی جاتی ہے۔ نئی گیند سے فاسٹ بولرز کو سوئنگ مل سکتی ہے جبکہ درمیانی اوورز میں اسپنرز کھیل میں اہم کردار ادا کریں گے۔
یہاں پہلی اننگز کا اوسط اسکور تقریباً 150 رنز ہے، تاہم ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیموں کا ریکارڈ بہتر رہا ہے۔ فلڈ لائٹس میں کھیلے جانے والے اس میچ میں دوسری اننگز کے دوران اوس اہم عنصر ثابت ہو سکتی ہے جس سے گیند پر گرفت مشکل ہونے کا خدشہ ہے۔کنڈیشنز خاص طور پر اسپن بولنگ کے لیے سازگار دکھائی دیتی ہیں۔ منفرد ایکشن کے حامل پاکستانی اسپنر عثمان طارق بھارتی بیٹرز کے اعصاب پر سوار ہیں جبکہ سلو بولنگ میں ابرار احمد، محمد نواز، شاداب خان اور صائم ایوب بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پیس اٹیک کی ذمہ داری شاہین شاہ آفریدی اور فہیم اشرف پر ہوگی۔
بھارتی ٹیم کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں ابھیشک شرما، ایشان کشن، کپتان سوریا کمار یادیو، تلک ورما، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، اکسر پٹیل، واشنگٹن سندر، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ اور ورون چکرورتی شامل ہو سکتے ہیں۔ جارح مزاج ابھیشیک شرما معدے کی تکلیف کے بعد تیزی سے روبصحت ہیں اور ٹیم کے ہمراہ کولمبو پہنچ چکے ہیں، تاہم ان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
پاکستان کی متوقع ٹیم میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، کپتان سلمان علی آغا، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور عثمان طارق شامل ہونے کا امکان ہے۔موسم بھی میچ پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔ شام کے اوقات میں بادل چھائے رہنے اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مختصر بارش کی صورت میں اوورز کم کیے جا سکتے ہیں، تاہم شائقین ایک مکمل اور سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ مقابلہ سخت، اعصاب شکن اور دباؤ سے بھرپور ہوگا اور جو ٹیم حالات اور پریشر کو بہتر انداز میں سنبھالے گی وہی فتح کا جشن منائے گی۔








