آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ، پاک بھارت میچ کے دوران بارش کا امکان

کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):کولمبو میں آج اتوار کو شام سات بجے ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ہائی پروفائل پاک بھارت مقابلے میں بارش کے امکانات ہیں اور موسمی پیشگوئی نے شائقین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ میچ پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جہاں محکمہ موسمیات نے دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید بادلوں کی پیشگوئی کی ہے۔سری …

کولمبو ۔15فروری (اے پی پی):کولمبو میں آج اتوار کو شام سات بجے ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ہائی پروفائل پاک بھارت مقابلے میں بارش کے امکانات ہیں اور موسمی پیشگوئی نے شائقین کی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔ میچ پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے جہاں محکمہ موسمیات نے دن کے اوقات میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور شدید بادلوں کی پیشگوئی کی ہے۔سری لنکا کے محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کے روز بارش کا واضح امکان موجود ہے جبکہ نجی موسمیاتی ادارے 93 فیصد تک بارش کی پیشگوئی کر رہے ہیں۔

دن کے وقت تقریباً 65 فیصد بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ رات میں یہ شرح کم ہو کر 25 فیصد تک جا سکتی ہے، تاہم بعض مقامی رپورٹس کے مطابق میچ کے ابتدائی اوقات میں بارش کا امکان 49 سے 65 فیصد تک برقرار رہ سکتا ہے۔ مجموعی طور پر موسم مرطوب رہے گا اور شمالی سمت سے تقریباً 11 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔اگر بارش کے باعث کھیل متاثر ہوتا ہے تو نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کم از کم پانچ اوور فی اننگز کا کھیل ضروری ہوگا، بصورت دیگر میچ منسوخ قرار دے دیا جائے گا۔

گروپ مرحلے کے کسی بھی میچ کے لیے ریزرو ڈے موجود نہیں، اس لیے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملے گا۔گروپ اے میں پاکستان اور بھارت دونوں چار چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، تاہم بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت کو برتری حاصل ہے۔

اگر پوائنٹس تقسیم ہو جاتے ہیں تو دونوں ٹیمیں ایک میچ باقی رہتے ہوئے سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لیں گی کیونکہ گروپ کی دیگر ٹیمیں امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا زیادہ سے زیادہ چار پوائنٹس تک ہی پہنچ سکتی ہیں۔بارش کے خدشے نے جہاں شائقین کو پریشان کر رکھا ہے وہیں یہ امکان بھی موجود ہے کہ موسمی حالات اس بڑے مقابلے کا مزہ کرکرا کر دیں۔ دنیا بھر کے کرکٹ مداح اس امید میں ہیں کہ موسم سازگار رہے اور روایتی حریفوں کے درمیان مکمل اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے۔