مصنوعی ذہانت مستقبل کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے ، اس میں مہارت کے بغیر ترقی ممکن نہیں،معاون خصوصی ہارون اخترخان

لاہور۔15فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز خصوصا مصنوعی ذہانت میں مہارت فراہم کی جائے تاکہ وہ عالمی مسابقت کیلئے تیار ہو سکیں، مصنوعی ذہانت مستقبل کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے اور اس میں مہارت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وہ …

لاہور۔15فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز خصوصا مصنوعی ذہانت میں مہارت فراہم کی جائے تاکہ وہ عالمی مسابقت کیلئے تیار ہو سکیں، مصنوعی ذہانت مستقبل کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے اور اس میں مہارت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وہ اتوار کے روز یہاں پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر (پیٹاک) لاہور میں جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) سینٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر الیکٹرک وہیکل سہولت اور پوڈکاسٹ سینٹر کا بھی باقاعدہ آغاز کیا گیا جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز خصوصا مصنوعی ذہانت میں مہارت فراہم کی جائے تاکہ وہ عالمی مسابقت کے لیے تیار ہو سکیں۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ دنیا تیزی سے ڈیجیٹل اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکی ہے، لہذا پاکستان کو بھی اپنی نئی نسل کو اسی رفتار سے تیار کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر پیٹاک میں جدید ٹریننگ سہولیات قائم کی گئی ہیں تاکہ نوجوان عملی مہارتیں حاصل کر سکیں اور روزگار کے مواقع پیدا کر سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت نوجوان ہیں اور یہی نوجوان جدت، اسٹارٹ اپس اور نئے کاروباری مواقع کے ذریعے ملکی معیشت کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مصنوعی ذہانت سینٹر میں عالمی معیار کی تربیت کے لیے بیرونِ ملک سے مستند ٹرینرز کو بھی مدعو کیا جائے گا۔

ہارون اختر خان نے پیٹاک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ جدید فنی مہارتوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور حکومت کا عزم ہے کہ اسے بین الاقوامی معیار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے اے آئی سینٹر، الیکٹرک وہیکل بائیکس سہولت اور پوڈکاسٹ سینٹر کے افتتاح پر انتظامیہ اور عملے کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔