لاہور۔16فروری (اے پی پی):پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 عالمی کپ میں بھارت سے شکست پرشائقین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے، سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اپنی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اہم مقابلے میں قومی ٹیم نے غلطیاں کیں اور مجموعی طور پر کارکردگی مایوس کن رہی۔ ان کے مطابق بھارتی ٹیم بہتر منصوبہ …
پاکستان کر کٹ ٹیم کی کارکردگی مجموعی طور پر مایوس کن رہی، شاہد آفریدی

مزید خبریں
لاہور۔16فروری (اے پی پی):پاکستانی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 عالمی کپ میں بھارت سے شکست پرشائقین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے، سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی اپنی ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ اہم مقابلے میں قومی ٹیم نے غلطیاں کیں اور مجموعی طور پر کارکردگی مایوس کن رہی۔ ان کے مطابق بھارتی ٹیم بہتر منصوبہ بندی اور اعتماد کے ساتھ میدان میں اتری اور جیت کی مستحق ٹھہری۔
انہوں نے کپتان سلمان علی آغا کی حکمت عملی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ چند فیصلے سمجھ سے بالاتر تھے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کو، جنہیں وہ ٹیم کا موثر ہتھیار قرار دیتے ہیں، طویل عرصے تک فائدہ نہ اٹھانا حیران کن تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے کھلاڑیوں کو اہم مواقع پر بروئے کار لانا چاہیے تھا۔ سابق کپتان نے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کی کارکردگی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ابتدا میں رنز دینے کے باوجود انہیں آخری اوور سونپ دیا گیا، جبکہ دیگر متبادل موجود تھے۔ ان کے مطابق میچ کے نازک مرحلے پر بہتر فیصلے کیے جا سکتے تھے۔
شاہد آفریدی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اگر انہیں اختیار ملے تو وہ چند سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر نوجوانوں کو موقع دیں گے۔ ان کا موقف تھا کہ بڑے مقابلوں میں جن کھلاڑیوں سے غیر معمولی کارکردگی کی توقع ہوتی ہے، وہ توقعات پر پورا نہیں اتر رہے، اس لیے اب ٹیم میں تبدیلی کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ نمیبیا کے خلاف آئندہ میچ میں نئے کھلاڑیوں کو آزمایا جانا چاہیے تاکہ ٹیم میں نیا جذبہ اور توانائی پیدا ہو۔ آفریدی کے مطابق قومی ٹیم کو مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرتے ہوئے جرات مندانہ فیصلے کرنا ہوں گے تاکہ عالمی سطح پر بہتر نتائج حاصل کیے جا سکیں۔








