راولپنڈی شہر نے ڈینگی اور پولیو کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ملک بھر کے لیے مثال قائم کی ہے،دانیال چودھری

راولپنڈی۔16فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر نے ڈینگی اور پولیو کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ملک بھر کے لیے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں کو ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر قرار دیا۔ راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چودھری نے بتایا کہ …

راولپنڈی۔16فروری (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری نے کہا ہے کہ راولپنڈی شہر نے ڈینگی اور پولیو کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر کے ملک بھر کے لیے مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے ان کامیابیوں کو ضلعی انتظامیہ، محکمہ صحت اور عوام کی مشترکہ کاوشوں کا ثمر قرار دیا۔ راولپنڈی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چودھری نے بتایا کہ ڈینگی کے خلاف مؤثر حکمت عملی اور بھرپور انسدادی اقدامات کے باعث کیسز میں غیر معمولی کمی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سال 2024 کے دوران راولپنڈی میں ڈینگی کے 6 ہزار 606 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو 2025 میں کم ہو کر صرف ایک ہزار 586 رہ گئے جو ایک تاریخی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ان فیلڈ اہلکاروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے گلی محلوں کی صفائی کو یقینی بنایا، ان ہیلتھ ورکرز کی کاوشوں کا ثمر ہے جنہوں نے گھر گھر جا کر شہریوں کو ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا اور اس انتظامیہ کی سنجیدگی کا مظہر ہے جس نے صحت عامہ کو اولین ترجیح بنایا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے پولیو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی کا پندرہ برس تک پولیو فری رہنا ایک بڑی کامیابی ہے جو مستقل مزاجی اور مؤثر حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مسلسل پانچ انسداد پولیو مہمات میں ضلع نے سو فیصد ایل کیو اے ایس (LQAS) نتائج حاصل کیے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ہر بچے تک حفاظتی ویکسین کی رسائی یقینی بنائی گئی اور کوئی بھی بچہ محروم نہیں رہا۔ بیرسٹر دانیال چودھری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صحت عامہ کے شعبے میں اسی جذبے اور مربوط حکمت عملی کے ساتھ کام جاری رکھے گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر احسان غنی نے کہا کہ ماحولیاتی سیمپلنگ کے نتائج کے مطابق ضلع کے تین بڑے مقامات سے حاصل کیے گئے تمام نمونے پولیو وائرس سے پاک پائے گئے ہیں جس سے ضلع کا پولیو فری اسٹیٹس برقرار رہنے کی تصدیق ہوتی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو مؤثر حکمت عملی، قیادت اور انتظامی و سیاسی سطح پر مربوط تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے پریوینٹو سروسز آفیسر ڈاکٹر جواد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، سرکاری و نجی ہسپتالوں کے عملے اور تشخیصی لیبارٹریز کی خدمات کو بھی سراہا جنہوں نے کیسز کی بروقت نشاندہی اور علاج کو یقینی بنایا۔ مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے محکمہ صحت کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب سے ایم پی اے حنیف راجہ، ڈاکٹر وسیم، چیئرمین اینٹامولوجی پنجاب اور خصوصی معاون عظمیٰ کاردار نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں فیلڈ ورکرز، ڈاکٹرز، اینٹامولوجسٹس اور مقامی کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر محکمہ صحت کی ٹیم کے ارکان میں تعریفی اسناد اور شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔