چیف جسٹس آف پاکستان سے ترک سفیر کی ملاقات،اعلیٰ سطحی عدالتی تبادلوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے پیر کو ملاقات کی۔ملاقات میں آئندہ اعلیٰ سطحی عدالتی تبادلوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹری اور وزارت خارجہ کے نمائندے بھی موجود تھے تاکہ …

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے جمہوریہ ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نذیراوغلو نے پیر کو ملاقات کی۔ملاقات میں آئندہ اعلیٰ سطحی عدالتی تبادلوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر وزارت قانون و انصاف کے سیکرٹری اور وزارت خارجہ کے نمائندے بھی موجود تھے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مجوزہ عدالتی روابط سے متعلق سرکاری سطح پر ہم آہنگی برقرار رکھی جا سکے۔

یہ ملاقات مارچ 2026ء میں ترکیہ کی آ ئینی عدالت کے صدر کے متوقع دورہ پاکستان کے پس منظر میں ہوئی۔ دورے کے دوران پاکستان کی سپریم کورٹ اور ترکیہ کی آئینی عدالت کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط متوقع ہیں جو دونوں ممالک کی اعلیٰ عدلیہ کے مابین ادارہ جاتی تعاون کو باضابطہ شکل دے گی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے مجوزہ دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا اور عدالتی روایات کے مطابق مکمل میزبانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مشترکہ قانونی روایات، باہمی احترام اور مضبوط ثقافتی رشتوں سے بندھے ہوئے ہیں۔ملاقات میں عدالتی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، استعداد کار میں اضافے اور بہترین عدالتی طریقہ کار کے تبادلے پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ متوقع دورہ اور مفاہمتی یادداشت پر دستخط عدالتی مکالمے، تحقیق، تربیت اور عدالتی فیصلوں کے تبادلے کے لیے ایک منظم اور موثر فریم ورک فراہم کریں گے۔