اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ کا ایک 16 رکنی اعلیٰ سطحی وفد محتسب ونسینٹ ایراسمس مطائی کی قیادت میں وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ پاکستان کے مطالعاتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔ترجمان کے مطابق وفد کے دورے کا مقصد پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارہ جاتی ڈھانچے، عملی طریقہ کار اور قانونی دائرہ اختیار کا جائزہ لینا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے، …
تنزانیہ کے محتسب کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کا وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):مشرقی افریقہ کے ملک تنزانیہ کا ایک 16 رکنی اعلیٰ سطحی وفد محتسب ونسینٹ ایراسمس مطائی کی قیادت میں وفاقی ٹیکس محتسب سیکرٹریٹ پاکستان کے مطالعاتی دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔ترجمان کے مطابق وفد کے دورے کا مقصد پاکستان کے وفاقی ٹیکس محتسب کے ادارہ جاتی ڈھانچے، عملی طریقہ کار اور قانونی دائرہ اختیار کا جائزہ لینا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کی شکایات کے ازالے، انتظامی احتساب اور متبادل تنازعاتی حل کے نظام سے متعلق تجربات سے استفادہ کیا جا سکے۔
وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ پاکستان اور تنزانیہ کے درمیان عوامی شعبے میں احتساب اور ادارہ جاتی استعداد کار کے فروغ کے حوالے سے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالعاتی دورہ بہترین عملی تجربات کے تبادلے کا موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا اور بہتر طرز حکمرانی کے فروغ کے مشترکہ عزم کی توثیق کرے گا۔
دورے کے دوران وفد کو وفاقی ٹیکس محتسب دفتر کی جانب سے خصوصی تربیتی نشستیں اور بریفنگز دی جائیں گی۔ ان نشستوں میں ادارے کے قانونی مینڈیٹ، شکایات کے اندراج اور ازالے کے طریقہ کار، تحقیقات کے مراحل، سفارشات پر عمل درآمد کے نظام اور ٹیکس دہندگان اور ٹیکس حکام کے مابین شفافیت اور اعتماد کے فروغ میں ادارے کے کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔
وفد وفاقی محتسب سیکرٹریٹ برائے تحفظ انسداد ہراسیت (فوسپا) کا بھی دورہ کرے گا جہاں انہیں شعبہ جاتی شکایات کے حل اور صارفین کے تحفظ سے متعلق طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔اس موقع پر وفد نے وفاقی ٹیکس محتسب ظفر حجازی سے ملاقات بھی کی جس میں قومی محتسب نظام، بین الادارہ جاتی روابط اور گڈ گورننس و انتظامی انصاف کے فروغ میں محتسب اداروں کے کردار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفد صدارتی سیکرٹریٹ کا بھی دورہ کرے گا جہاں انہیں پاکستان میں محتسب اداروں کے آئینی اور انتظامی تناظر سے آگاہ کیا جائے گا۔وفاقی ٹیکس محتسب پاکستان کے لیے یہ امر اعزاز کی حیثیت رکھتا ہے کہ تنزانیہ کے وفد نے دنیا بھر کے ٹیکس محتسب اداروں میں سے پاکستان کا انتخاب کیا، کیونکہ ان کے نزدیک پاکستانی ٹیکس محتسب کی کارکردگی موثر اور مثالی سمجھی جاتی ہے۔








