وفاقی وزیر مملکت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو کی ملاقات، تعلیمی شعبے میں ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور تعاون کو آسان بنانے پر غور

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پیر کو وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مجوزہ ’’تعلیمی ادارہ جات سے متعلق معاہدے‘‘ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تناظر میں تعلیمی …

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر سے پاکستان میں ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے پیر کو وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت میں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مجوزہ ’’تعلیمی ادارہ جات سے متعلق معاہدے‘‘ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے دونوں ممالک کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کے تناظر میں تعلیمی شعبے میں ادارہ جاتی روابط کے فروغ اور تعاون کو آسان بنانے پر غور کیا۔گفتگو میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ) اور دینی تعلیم کے شعبوں میں ممکنہ تعاون کے امکانات بھی زیر بحث آئے۔

اس موقع پر ہنر مندی کے فروغ، بہترین تجربات کے تبادلے اور متعلقہ اداروں کے درمیان شراکت داری مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔طلبہ کے تبادلہ پروگرامز اور وسیع تر تعلیمی اشتراک کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے تعلیمی تبادلوں، مشترکہ تحقیقی منصوبوں اور اسناد کی باہمی منظوری کے فریم ورک کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا تاکہ طلبہ اور اساتذہ کے لیے مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔

وزیر مملکت وجیہہ قمر نے اس موقع پر تعلیمی شعبے میں ترکیہ کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے مختلف تعلیمی و تربیتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ترک سفیر عرفان نذیر اوغلو نے اپنی حکومت کی جانب سے تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے مشترکہ اہداف کو عملی شکل دینے کے لیے مسلسل رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ملاقات کے اختتام پر مجوزہ معاہدے پر مشاورت کو تیز کرنے اور ترجیحی شعبوں میں باہمی مفاد کے لیے تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔