انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کا اعزازی رکن ملیتون سانچیز ریواس کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار

لوزان ۔16فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) نے آئی او سی کے اعزازی رکن ملیتون سانچیز ریواس کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ۔ وہ 15 فروری 2026 کو پاناما میں اپنی رہائش گاہ پر 91 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔آئی او سی کے مطابق ملیتون سانچیز ریواس 1998 میں آئی او سی کے رکن …

لوزان ۔16فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی ( آئی او سی ) نے آئی او سی کے اعزازی رکن ملیتون سانچیز ریواس کے انتقال پر انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ۔ وہ 15 فروری 2026 کو پاناما میں اپنی رہائش گاہ پر 91 برس کی عمر میں مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔آئی او سی کے مطابق ملیتون سانچیز ریواس 1998 میں آئی او سی کے رکن منتخب ہوئے اور 2014 تک اپنی خدمات سرانجام دیں، جس کے بعد 2015 میں انہیں اعزازی رکن بنا دیا گیا۔

انہوں نے خواتین اور کھیل (2002-2015) اور ثقافت و اولمپک ایجوکیشن (2006-2015) کے کمیشنز کے رکن کے طور پر اولمپک اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔آئی او سی کی صدر کرسٹی کوونٹری نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملیتون سانچیز ریواس نے اولمپک تحریک کی خدمت بے پناہ جذبے کے ساتھ کی،انہیں اپنی کئی دہائیوں پر محیط خدمات پر فخر تھا اور وہ اپنے ساتھیوں اور آئی او سی میں بننے والی دوستیوں کا ذکر بہت محبت سے کرتے تھے،ان کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی۔سانچیز ریواس نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ پاناما اور براعظم امریکہ میں کھیلوں کے فروغ کے لیے وقف کیا۔

وہ 1982 سے 2007 تک پاناما اولمپک کمیٹی کے صدر رہے اور بعد ازاں تاحیات اعزازی صدر منتخب ہوئے۔انہوں نے پین امریکن اسپورٹس آرگنائزیشن (PASO) کے ایگزیکٹو بورڈ رکن اور بولیویرین اسپورٹس آرگنائزیشن (ODEBO) کے صدر کے طور پر بھی خدمات دیں۔اس کے علاوہ وہ سافٹ بال اور بیس بال کے فروغ کے لیے بین الاقوامی سطح پر مختلف عہدوں پر فائز رہے۔8 نومبر 1934 کو پیدا ہونے والے سانچیز ریواس پیشے کے لحاظ سے سرٹیفائیڈ پبلک اکاؤنٹنٹ تھے۔

انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں کئی معروف مالیاتی اداروں میں اعلیٰ عہدوں پر کام کیا۔کھیلوں کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا، جن میں اولمپک آرڈر (2014)،آئی ایس ایف (ISF) ہال آف فیم میں شمولیت (1991)،پاناما سٹی، کیراکاس اور کوچابامبا شہروں کی چابیاں (Keys to the City) پیش کی گئیں۔

ان کی وفات پر احترام کے طور پر لوزان میں واقع اولمپک ہاؤس میں اولمپک پرچم تین روز تک سرنگوں رہے گا۔ آئی او سی نے ان کے اہل خانہ، دوستوں اور پاناما کی اولمپک کمیٹی سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔