اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نیدرلینڈز (ہالینڈ) کے پانی کے شعبہ کی تعلیم، آبی وسائل اور ماحولیات کے شعبوں کی ترقی و پائیداری کے اعلیٰ درجہ کے بین الاقوامی ادارہ آئی ایچ ای ڈیلفٹ انسٹی ٹیوٹ فار واٹر ایجوکیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزارت آبی وسائل میں وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو سے ملاقات کی ہے۔ سرکاری دورہ کا مقصد پاکستان میں پانی کے وسائل کی ترقی …
وزارت آبی وسائل اور آئی ایچ ای ڈیلفٹ انسٹی ٹیوٹ فار واٹر ایجوکیشن کا پانی کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کا معاہدہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نیدرلینڈز (ہالینڈ) کے پانی کے شعبہ کی تعلیم، آبی وسائل اور ماحولیات کے شعبوں کی ترقی و پائیداری کے اعلیٰ درجہ کے بین الاقوامی ادارہ آئی ایچ ای ڈیلفٹ انسٹی ٹیوٹ فار واٹر ایجوکیشن کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزارت آبی وسائل میں وفاقی وزیر آبی وسائل میاں محمد معین وٹو سے ملاقات کی ہے۔
سرکاری دورہ کا مقصد پاکستان میں پانی کے وسائل کی ترقی اور انتظام میں دوطرفہ تعاون کا استحکام ہے۔نیدرلینڈز کے وفد کی قیادت وائس ریکٹر اور اکیڈمک ڈائریکٹر آئی ایچ ای ڈیلفٹ پروفیسر گراہم جیوٹ اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر الیاس مسیح نے کی جبکہ وفد کے ہمراہ نیدرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرت اور ڈپٹی ہیڈ آف مشن ہاجو پرووو کلوٹ بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل سید علی مرتضیٰ شاہ بھی شریک ہوئے۔ وزارت آبی وسائل کی جانب سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر میاں محمد معین وٹو نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا کرتے ہوئے پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان پانی کے شعبہ میں طویل عرصہ سے جاری باہمی تعاون کو سراہا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل نے نیدرلینڈز کی عالمی قیادت اور تکنیکی مہارت کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی، سیلاب کے خطرات اور پانی کے استعمال جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تعاون کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے۔
اس موقع پر وزارت آبی وسائل اور آئی ایچ ای ڈیلفٹ انسٹی ٹیوٹ فار واٹر ایجوکیشن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بھی دستخط کئے گئے۔ ایم او یو قومی وزارت آبی وسائل اور اس کے متعلقہ اداروں کے پیشہ ور ماہرین کی صلاحیت بڑھانے، پانی کے وسائل کی منصوبہ بندی، ترقی اور مربوط انتظام کے شعبوں میں تربیت فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔ اپنے دورہ کے دوران وفد ملک کی معروف جامعات، آفات سے نمٹنے کے اداروں اور دیگر اہم شراکت داروں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرے گا۔
ایک قومی سطح ورکشاپ بھی منعقد کی جائے گی جس میں ملک بھر کے پانی کے اہم شعبہ کے محکمہ جات اور علمی اداروں کے نمائندے شریک ہوں گے۔نیدرلینڈز کے وفد کا دورہ ایک عملی روڈ میپ کی تیاری کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا جس کا مقصد ایم او یو کے موثر نفاذ کو یقینی بنانا، تکنیکی صلاحیت کو مضبوط کرنا، تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور پاکستان میں پانی کے شعبہ میں علم کے تبادلے کو بہتر بنانا ہے۔








