مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے سلسلے میں منگل کومختلف شہروں میں اہم میچز اور میڈیا سرگرمیوں کا شیڈول جاری

کولمبو ۔16فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 کے سلسلے میں کل منگل کو مختلف شہروں میں اہم میچز اور میڈیا سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ چنئی میں نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے درمیان گروپ ڈی کا مقابلہ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں صبح 11 بجے شروع ہوگا۔ میچ کے اختتام کے تقریباً پندرہ منٹ بعد دونوں ٹیمیں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کریں …

کولمبو ۔16فروری (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام مینز ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ 2026 کے سلسلے میں کل منگل کو مختلف شہروں میں اہم میچز اور میڈیا سرگرمیاں منعقد ہوں گی۔ چنئی میں نیوزی لینڈ اور کینیڈا کے درمیان گروپ ڈی کا مقابلہ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں صبح 11 بجے شروع ہوگا۔

میچ کے اختتام کے تقریباً پندرہ منٹ بعد دونوں ٹیمیں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کریں گی۔ پہلے ناکام رہنے والی ٹیم اور اس کے بعد کامیاب ٹیم پریس کانفرنس کرے گی۔ کینڈی میں آئرلینڈ اور زمبابوے کی ٹیمیں گروپ بی کے میچ میں پالے کیلے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں دوپہر 3 بجے مدمقابل ہوں گی۔

میچ کے بعد دونوں ٹیموں کی میڈیا سے بات چیت معمول کے مطابق اختتام کے پندرہ منٹ بعد ہوگی۔ ممبئی میں اسکاٹ لینڈ اور نیپال کے درمیان گروپ سی کا میچ وانکھیڑے اسٹیڈیم میں شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔ میچ کے بعد دونوں ٹیمیں ذرائع ابلاغ کے نمائندگان سے گفتگو کریں گی۔ بدھ کو شیڈول مقابلوں سے قبل منگل کو پری میچ سرگرمیاں بھی جاری رہیں گی۔ دہلی میں جنوبی افریقہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گروپ ڈی کا میچ ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں بدھ کی صبح 11 بجے ہوگا۔

منگل کو متحدہ عرب امارات کی ٹیم صبح 10 بجے پریکٹس کرے گی اور دوپہر ایک بجے پریس کانفرنس کرے گی، جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم دوپہر 2 بجے ٹریننگ سیشن اور تقریباً ڈیڑھ بجے میڈیا سے گفتگو کرے گی۔ کولمبو میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان گروپ اے کا مقابلہ سنگھالی اسپورٹس کلب گراؤنڈ میں بدھ کو دوپہر 3 بجے کھیلا جائے گا۔ منگل کو پاکستان کی ٹیم صبح 10 بجے پریکٹس اور تقریباً پونے ایک بجے پریس کانفرنس کرے گی، جبکہ نمیبیا کی ٹیم دوپہر 2 بجے ٹریننگ اور تقریباً پونے دو بجے میڈیا سے بات چیت کرے گی۔

احمد آباد میں بھارت اور نیدرلینڈز کے درمیان گروپ اے کا میچ نریندر مودی اسٹیڈیم میں بدھ کو شام 7 بجے ہوگا۔ منگل کو نیدرلینڈز کی ٹیم دوپہر 2 بجے پریکٹس اور تقریباً ڈیڑھ بجے پریس کانفرنس کرے گی، جبکہ بھارت کی ٹیم شام 6 بجے ٹریننگ سیشن اور تقریباً ساڑھے پانچ بجے میڈیا سے گفتگو کرے گی۔ میڈیا نمائندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ اوقات کی پابندی کریں اور متعلقہ مقامات پر بروقت موجود ہوں۔