اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویئون لمیٹڈ اور نٹ شیل گروپ نے دی گلوبل کنیکٹ کانفرنس کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایک نیا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد پالیسی سازوں، عالمی سرمایہ کاروں، کارپوریٹ رہنماؤں اور تعلیمی اداروں کو ایک جگہ جمع کرنا ہے تاکہ ابھرتی اور فرنٹیئر معیشتوں میں سرحد پار سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تبدیلی اور طویل المدتی اقتصادی تعاون …
پاکستان نے مربوط پالیسی کے ذریعے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے، بلال اظہر کیانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):عالمی ڈیجیٹل آپریٹر ویئون لمیٹڈ اور نٹ شیل گروپ نے دی گلوبل کنیکٹ کانفرنس کیلئے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔ یہ ایک نیا بین الاقوامی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد پالیسی سازوں، عالمی سرمایہ کاروں، کارپوریٹ رہنماؤں اور تعلیمی اداروں کو ایک جگہ جمع کرنا ہے تاکہ ابھرتی اور فرنٹیئر معیشتوں میں سرحد پار سرمایہ کاری، ڈیجیٹل تبدیلی اور طویل المدتی اقتصادی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔
اس شراکت داری کو دبئی میں VEON کے عالمی ہیڈکوارٹر میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر نٹ شیل گروپ،ویئون لمیٹڈ اور جاز ورلڈ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے ذریعے باضابطہ شکل دی گئی۔ اس معاہدے کے تحت ڈیجیٹل جدت، جامع ترقی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کا ایک فریم ورک وضع کیا جائے گا، جبکہ پبلک پرائیویٹ شراکت داری کو مضبوط بنانے اور پائیدار اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جائے گا۔
دستخط کی تقریب میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے اور سربراہ وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ بلال اظہر کیانی ویئون اور نٹ شیل گروپ کی قیادت، متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان، ویون کے بانی اور چیئرمین اوگئی کے فیبیلا (Augie K. Fabela) ، ویون کے بورڈ ممبر برینڈن لیوس، ویون کے گلوبل سی ای او کان ترزی اوگلو، نٹ شیل گروپ کے بانی اور چئیرمین محمد اظفر احسن، جاز ورلڈ کے سی ای او اور ویون گروپ ایگزیکٹو کمیٹی ممبر عامر حفیظ ابراہیم، ڈائریکٹر نٹ شیل گروپ،عثمان یوسف،ڈائریکٹر اور سی ای او، نٹ شیل گروپ رابعہ احمد سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ پاکستان نے مسلسل اور مربوط پالیسیوں کے ذریعے میکرو اکنامک استحکام حاصل کیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ اور کاروباری ماحول میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے VEON، JazzWorld اور نٹ شیل گروپ کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور سرحد پار سرمایہ کاری جیسے اقدامات سے عالمی سرمایہ کاروں کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔
بلال کیانی نے اس اقدام کے لیے حکومتی سطح پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور پاکستان کی عالمی اقتصادی شمولیت کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم کی تشکیل میں نٹ شیل گروپ کے کردار کو سراہا۔نٹ شیل گروپ کے بانی و چیئرمین محمد اظفر احسن نے کہا کہ دی گلوبل کنیکٹ سادہ مگر اہم اصولوں پر مبنی ہے۔
پاکستان اور دیگر ابھرتی معیشتوں میں صلاحیت کی کمی نہیں، لیکن ان کے پاس ایسے پلیٹ فارمز نہیں ہیں جو ارادے کو عمل میں بدل دیں۔ ہمارا مقصد عالمی سرمایہ، ٹیکنالوجی اور مارکیٹوں کو قابل اعتماد مواقع سے جوڑنا ہے، تاکہ طویل المدتی شراکت داری، تسلسل اور باہمی اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔
ویون کے بانی و چیئرمین اوگئی کے فیبیلا اور گلوبل سی ای کان ترزی اوگلو نے اقدام کے ذریعے پاکستان اور دیگر ابھرتی ہوئی منڈیوں کے لیے اپنے طویل المدتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز مالی شمولیت کے فروغ، معاشی شراکت اور پیداواری صلاحیت میں اضافے میں انقلابی کردار ادا کرتے ہیں۔ نٹ شیل گروپ کے ساتھ تعاون بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شمولیت کو بڑھائے گا اور نئے مواقع کے دروازے کھولے گا۔
جاز ورلڈ کے سی ای او عامر حفیظ ابراہیم نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط معاشی بنیادیں، استحکام اور تیزی سے فروغ پاتے ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر سے ملک تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ”انویسٹ اِن پاکستان ناؤ“ اور ”دی گلوبل کنیکٹ“ جیسے اقدامات عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود مواقع کو سمجھنے اور ان سے مؤثر انداز میں جڑنے میں مدد فراہم کریں گے۔
”دی گلوبل کنیکٹ“کا افتتاحی اجلاس مئی 2026 میں اسلام آباد میں ہوگا، جس میں 25 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کریں گے۔ اس اجلاس کا مقصد اقتصادی تعاون کو فروغ دینا، سرحد پار سرمایہ کاری کو تقویت دینا اور پائیدار و شمولیتی ترقی کے لیے عملی اور قابل عمل راستوں کی تشکیل کرنا ہے۔








