انسدادِ ڈینگی اور پولیو مہم میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکرز میں ایوارڈز تقسیم

راولپنڈی۔ 16 فروری (اے پی پی):محکمہ صحت کے زیر اہتمام انسدادِ ڈینگی اور پولیو مہم 2025-26 میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل (پی سی ہوٹل) میں کیا گیا جس میں قومی اسمبلی کی رکن طاہرہ اورنگزیب، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، ایم پی اے محمد حنیف ایڈووکیٹ،تحسین فواد،زیب …

راولپنڈی۔ 16 فروری (اے پی پی):محکمہ صحت کے زیر اہتمام انسدادِ ڈینگی اور پولیو مہم 2025-26 میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہیلتھ ورکرز کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد مقامی ہوٹل (پی سی ہوٹل) میں کیا گیا جس میں قومی اسمبلی کی رکن طاہرہ اورنگزیب، وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، ایم پی اے محمد حنیف ایڈووکیٹ،تحسین فواد،زیب النساء اعوان، سینئر رہنما جادید مغل،مرزا منصور بیگ، شاہد اقبال محکمہ صحت کے افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں انسدادِ ڈینگی اور پولیو مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیلتھ ورکرز، سپروائزرز اور متعلقہ افسران میں ہیلتھ ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔

مہمانانِ خصوصی نے محکمہ صحت کے عملے کی شبانہ روز محنت اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں قوم کا حقیقی ہیرو قرار دیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے کہا کہ پولیو اور ڈینگی جیسے خطرناک امراض کے خلاف کامیابی حکومت اور محکمہ صحت کی مربوط حکمت عملی اور ہیلتھ ورکرز کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز شدید موسمی حالات اور چیلنجز کے باوجود عوام کی خدمت میں مصروف عمل رہتے ہیں، جو قابلِ تحسین ہے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات بیرسٹر دانیال چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت عوام کو محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور انسدادِ پولیو اور ڈینگی مہم میں حاصل ہونے والی کامیابیاں اس عزم کا عملی ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ ورکرز کی خدمات کو تسلیم کرنا ان کی حوصلہ افزائی کے لیے نہایت ضروری ہے۔پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا کہ محکمہ صحت کی مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ڈینگی اور پولیو کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی اور اداروں کے باہمی تعاون سے ان بیماریوں کا مؤثر سدباب ممکن ہوا ہے۔تقریب کے دوران محکمہ صحت کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سال 2025-26 کی انسدادِ پولیو اور ڈینگی مہم کو کامیابی سے مکمل کیا گیا اور اس دوران ہیلتھ ورکرز نے بھرپور ذمہ داری اور جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیئے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہیلتھ ورکرز اور افسران میں ایوارڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی صحت کے شعبے کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے گا۔