کولمبو ۔16فروری (اے پی پی):پالیکیلے میں کھیلے گئے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے 30ویں مقابلے میں سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور سپر آٹھ مرحلے کے لیے رسائی حاصل کرلی۔ گروپ بی کے اس اہم میچ میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 18 اوورز میں دو وکٹوں …
عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ ،سری لنکا نے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کرسپر آٹھ مرحلے کے لیے رسائی حاصل کرلی

مزید خبریں
کولمبو ۔16فروری (اے پی پی):پالیکیلے میں کھیلے گئے عالمی ٹی ٹوئنٹی کپ کے 30ویں مقابلے میں سری لنکا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی اور سپر آٹھ مرحلے کے لیے رسائی حاصل کرلی۔ گروپ بی کے اس اہم میچ میں 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور 18 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور مکمل کرلیا۔
پتھم نسانکا نے ناقابلِ شکست 100 رنز کی دلکش باری کھیل کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ ان کی اننگز میں عمدہ شاٹس اور برق رفتاری نمایاں رہی۔ کوشل مینڈس نے 51 رنز بنا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ کوشل پریرا ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پون رتنایکے 28 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوائنس نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا کی پوری ٹیم مقررہ اوورز میں 181 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ٹریوس ہیڈ نے 56 اور کپتان مچل مارش نے 54 رنز اسکور کیے۔ جوش انگلس 27، گلین میکسویل 22، ٹِم ڈیوڈ 6، مارکس اسٹوائنس 4، کوپر کونولی 3، کیمرون گرین 3، ایڈم زمپا ایک اور زیویئر بارٹلیٹ بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے۔ سری لنکا کی جانب سے دوشان ہیمانتھا نے تین، دشمانتھا چمیرا نے دو جبکہ دونتھ ویلالگے، کمنڈو مینڈس اور مہیش ٹھیکشانا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ اس فتح کے بعد سری لنکا نے اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی جبکہ آسٹریلیا کو ایونٹ میں اہم دھچکا پہنچا۔








