پاکستان ویمن ٹیم نے جنوبی افریقا ویمن کوتیسرےٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 53 رنز سے ہرا دیا

جوہانسبرگ۔17فروری (اے پی پی):فاطمہ ثنا کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے تیسرے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں جنوبی افریقاویمن کو 53 رنز سے شکست دے دی، تاہم تین میچوں کی سیریز 1-2 سے میزبان ٹیم کے نام رہی ۔ یہ میچ ڈائمنڈ اوول، کمبرلے میں کھیلا گیا۔ یہ خواتین کے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی چھٹی بڑی فتح اور جنوبی افریقا کے خلاف …

جوہانسبرگ۔17فروری (اے پی پی):فاطمہ ثنا کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان ویمن ٹیم نے تیسرے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں جنوبی افریقاویمن کو 53 رنز سے شکست دے دی، تاہم تین میچوں کی سیریز 1-2 سے میزبان ٹیم کے نام رہی ۔ یہ میچ ڈائمنڈ اوول، کمبرلے میں کھیلا گیا۔ یہ خواتین کے بین الاقوامی ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی چھٹی بڑی فتح اور جنوبی افریقا کے خلاف سب سے بڑی کامیابی ہے۔ میزبان ٹیم گزشتہ 4 برسوں میں اپنے دوسرے کم ترین مجموعے 91رنز پر آؤٹ ہوگئی، جبکہ ماریزان کیپ زخموں کے باعث شریک نہ ہوسکیں۔

پاکستان نے پہلے بلّا بازی کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 144رنز بنائے۔ ابتدا میں منیبہ علی اور گل فیروزہ جلد آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد سدرہ امین نے 26 اور عائشہ ظفر نے 19 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالا دیا اور ابتدائی مرحلے کے اختتام پر مجموعہ 46 رنز دو کھلاڑی آؤٹ تک پہنچایا۔ ساتویں اوور میں دونوں کے درمیان 38 رنز کی شراکت ختم ہوگئی۔ نصف مرحلے پر پاکستان 61 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ تھا جبکہ 11.2 اوورز میں سکور اڑسٹھ رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوگیا۔مشکل صورتحال میں کپتان فاطمہ ثنا نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 30 گیندوں پر ناقابل شکست 47 رنز بنائے، جن میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

انہوں نے عالیہ ریاض کے ساتھ 45 گیندوں پر 70 رنز کی فیصلہ کن شراکت قائم کی جس کے نتیجے میں پاکستان ویمن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنانے میں کامیاب رہی ۔ جنوبی افریقاکی جانب سے نونکولولیکو ملابا، ایابونگا خاکا اور مسباتا کلاس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقاکا آغاز انتہائی کمزور رہا۔ تیسری ہی گیند پر تیزمن برٹس بغیر کوئی رن بنائے فاطمہ ثنا کا شکار بن گئیں۔ چوتھے اوور میں بائیں ہاتھ کی گھومتی گیند باز سادیہ اقبال نے لگاتار گیندوں پر لارا گڈال اور ڈین وین نیکرک کو آؤٹ کردیا۔ اس کے فوراً بعد فاطمہ ثنا نے اپنی ہم منصب لورا وولوارڈٹ کو 11رنز پر آئوٹ کر دیا ۔

اس موقع پر اینری ڈرکسن نے 30 اور نادین ڈی کلرک نے 27 رنز بنا کر 55 رنز کی شراکت قائم کی، جس کے بعد 31 گیندوں پر 60 رنز درکار تھے۔ تاہم پندرہویں اوور میں ڈرکسن رن آئوٹ ہوگئیں جبکہ اگلے اوور میں نادین ڈی کلرک کو عائشہ ظفر نے آؤٹ کردیا۔ پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث پوری جنوبی افریقی ٹیم 16.5 اوورز میں 91 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے سادیہ اقبال نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ فاطمہ ثنا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔فاطمہ ثنا کو میچ اور سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ 22 فروری کو پہلا ایک روزہ میچ ، 25 فروری کو دوسرا جبکہ یکم مارچ کو تیسرا ایک روزہ میچ کھیلا جائے گا۔